نئی دہلی۔28 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام) رواں ماہ کپتان ویراٹ کوہلی سے شادی کرنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا حصہ بن جانے والی اداکارہ انوشکا شرما اپنے شوہر کے ساتھ جنوبی افریقہ روانہ ہوگئیں۔یہ پہلا موقع ہے کہ انوشکا شرما اور کوہلی سرکاری طور کسی بھی بیرون ملک کرکٹ دورے پر ایک ساتھ روانہ ہوئے۔کرکٹر کی بیوی بن جانے کے بعد اب وہ سرکاری سطح پر کرکٹ ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ تمام بیرون ممالک کے دوروں پر اپنے شوہر کے ساتھ جا سکیں گی۔تفصیلات کے مطابق انوشکا شرما اور ویراٹ کوہلی شادی کے بعد پہلے بیرون ملک کرکٹ دورے پر گزشتہ رات جنوبی افریقہ روانہ ہوئے، جہاں وہ ہندوستانی ٹیم کی کرکٹ سیریز شروع ہونے سے قبل کچھ دن ساتھ گزاریں گے۔ہندوستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف 3 ٹسٹ، 6 ونڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی، سریز کا آغاز 5 جنوری کو ہوگا، تاہم 4 جنوری تک انوشکا شرما اور ویرات کوہلی ایک ساتھ وقت گزاریں گے۔اگرچہ سیریز کے دوران بھی دونوں میاں بیوی ایک ساتھ ہوں گے، تاہم وہ سیریز سے قبل سال نو کو ایک ساتھ خوش آمدید کہنے سمیت کچھ دن نجی دورہ میں گزاریں گے۔جنوبی افریقہ روانہ ہونے سے قبل جوڑے نے نئی دہلی اور ممبئی میں اپنی شادی کی الگ الگ تقریبات منعقد کیں، جن میں اعلیٰ سیاسی، حکومتی، کاروباری شخصیات سمیت کرکٹ اور شوبز کے افراد نے بھی شرکت کی۔جوڑے کی جانب سے شادی کا پہلا استقبالیہ دارالحکومت نئی دہلی میں دیا گیا، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت اعلیٰ سرکاری و حکومتی شخصیات نے بھی شرکت کی۔نئی دہلی کی تقریب میں شوبز شخصیات نے بھی شرکت، جب کہ دوران تقریب انوشکا نے ویرات کے ساتھ ڈانس کرکے سماں باندھ دیا۔جوڑے کی جانب سے شادی کا دوسرا استقبالیہ 2 دن قبل 26 دسمبر کو ممبئی کے سینٹ ریگس ہوٹل میں منعقد کیا گیا، جس میں شاہ رخ خان، امیتا بچن، ریکھا، کنگنا رناوٹ اور مادھوری ڈکشٹ سمیت متعدد بالی ووڈ ستاروں نے شرکت کی۔اس تقریب میں کئی کرکٹرز بھی اپنی بیگمات کے ساتھ شریک ہوئے۔ممبئی تقریب میں بھی انوشکا شرما اور ویراٹ کوہلی نے مختلف گانوں پر بھنگڑے ڈالے اور رقص کیا۔اس تقریب میں انوشکا شرما کے ساتھ ’ہیری میٹ سیجل‘، ’جب تک ہے جاں‘ اور ’رب نے بنادی جوڑی‘ جیسی فلمیں کرنے والے شاہ رخ خان نے ایک نظم بھی پڑھی۔شاہ رخ خان نے جب تک ہے جاں کے بجائے جب تک ہے خاں نظم پڑھ کر تقریب میں مسکراہٹیں بکھیریں۔اسی تقریب میں شاہ رخ خان اور کوہلی نے بالی ووڈ فلم کے گانے ’چل چھیاں چھیاں‘ پر بھی ڈانس کیا۔