انوارالعلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے اداروں کی تحویل پر حکم التواء میں توسیع

حیدرآباد ہائی کورٹ میں سماعت ، سوسائٹی اور بورڈ کے دلائل
حیدرآباد ۔29۔ نومبر (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائی کورٹ نے انوارالعلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے اداروں کو تحویل میں لینے سے متعلق وقف بورڈ کی کارروائی پر حکم التواء میں توسیع کردی ہے۔ جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ کے اجلاس پر آج اس معاملہ کی سماعت ہوئی اور عدالت نے سابق میں جاری کردہ حکم التواء میں توسیع کرتے ہوئے مقدمہ کو قطعی سماعت کیلئے آئندہ تاریخ تک ملتوی کردیا۔ واضح رہے کہ تلنگانہ وقف بورڈ نے انوارالعلوم ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت چلنے والے اداروں کو وقف قرار دیتے ہوئے انہیں تحویل میں لے لیا تھا، بعد میں عدالت نے حکم التواء جاری کیا جس کے بعد سے یہ معاملہ ہائیکورٹ میں زیر دوران ہے۔ وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کو وقف ثابت کرنے کیلئے اس کے پاس ٹھوس ثبوت موجود ہے جبکہ ایجوکیشن سوسائٹی نے درج اوقاف کئے جانے سے انکار کیا ہے۔ ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے نرنجن ریڈی ، وی وینکٹ رمنا اور گنگیا نائیڈو پیروی کر رہے ہیں جبکہ وقف بورڈ کے وکلاء کی حیثیت سے رگھو رام ، ستیہ پرساد اور ایم اے مجیب پیش ہوئے۔