اننت پور میں کشتی کو حادثہ ۔ 13 افراد غرقاب ۔ 4 لاپتہ

امراوتی 28 اپریل ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے اننت پور ضلع میں ایک کشتی کے ڈوب جانے سے 13 افراد غرقاب ہوگئے جبکہ دوسرے چار لاپتہ بتائے گئے ہیں۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ایک پولیس عہدیدار نے بتایا کہ تمام مہلوکین قریبی رشتہ دار تھے اور ان میں سے بیشتر ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے تھے ۔ عہدیدار نے بتایا کہ مہلوکین میں کم از کم چھ بچے اور پانچ خواتین شامل رہنے کا اندیشہ ہے ۔ چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور انہوں نے اننت پور کے ضلع کلکٹر اور سپرنٹنڈنٹ پولیس کو فوری طور پر بچاؤ اور راحت کے کام انجام دینے کی ہدایت دی ہے ۔ وزیر صحت کے سرینواس نے بتایا کہ زائد از دس نعشیں جھیل سے نکال لی گئی ہیں اور انہیں پوسٹ مارٹم کیلئے گنتکل میں سرکاری دواخانہ کو منتقل کیا جا رہا ہے ۔ پولیس کے بموجب شبہ کیا جا رہا ہے کہ گنجائش سے زیادہ افراد کے سوار ہونے سے کشتی غرقاب ہوگئی ہے ۔ یہ واقعہ گنتکل کے قریب یرا تما راجو واگو کے مقام پر اسوقت پیش آیا جب 17 افراد ایک کشتی میں سیر و تفریح کیلئے نکلے تھے ۔ یہ لوگ گاوں میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد روانہ ہوئے تھے ۔ مقامی مچھیروں کو دور رکھا گیا تھا کیونکہ یہ لوگ ایک ساتھ تفریح کرنا چاہتے تھے ۔