اننت پور میں اسٹیل مل سے زہریلی گیس کا اخراج ‘6 ورکرس ہلاک

امراوتی 12 جولائی ( پی ٹی آئی ) آندھرا پردیش کے اننت پور ضلع میں ایک خانگی اسٹیل مل رولنگ یونٹ میں ایک زہریلی گیس کے اخراج کی وجہ سے چھ ورکرس ہلاک ہوگئے ۔ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ پولیس جی اشوک کمار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب اس یونٹ میں مینٹیننس کے کاموں کے بعد ٹسٹنگ کا عمل چل رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دو ورکرس برسر موقع ہلاک ہوگئے تھے جبکہ چار دوسرے دواخانہ میں چل بسے ۔ ضلع ایس پی نے بتایا کہ کاربن مونو آکسائیڈ وہ اصل گیس ہے جو یہاں ری ہیٹنگ پروسیس کیلئے استعمال کی جاتی ہے اور اسی کے اخراج کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا اور اموات ہوئیں۔ جی اشوک کمار نے بتایا کہ گیس کے اخراج کی وجہ سے کسی دوسرے مزدوروں اور ورکرس کے متاثر یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور یہاں امدادی و بچاؤ آپریشن شروع کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ اسٹیل مل ٹاڈی پٹری میں واقع ہے جو برازیل کی فرم گیراڈئو کی ملکیت ہے ۔ یہ فرم امریکی ذیلی براعظم میں طویل فولادی آلات کی تیاری میں معروف ہے ۔ آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر ( داخلہ ) این چنا راجپا نے اس حادثہ اور اس میں اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔