کراچی ۔3 مئی (سیاست ڈاٹ کام)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سلیکشن کمیٹی کی سوچ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کو سراہا ہے۔ پاکستان کرکٹ کی نئی سلیکشن کمیٹی نے دورہ انگلینڈ کیلئے تربیتی کیمپ کیلئے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے جس میں عمر اکمل اور احمد شہزاد کے ساتھ شاہد آفریدی کو بھی اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا۔ عمر اکمل اور احمد شہزاد کو خراب برتاؤ کی وجہ سے باہر کیا گیا جبکہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ نئے کھلاڑیوںکو موقع دینے کیلئے شاہد آفریدی کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ ورلڈکپ کے بعد پاکستان کی ٹیم کی قیادت سے مستعفی ہونے والے آفریدی نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ سلیکشن کمیٹی کے فیصلے کو سراہتے ہیں اور نوجوانوں کو مواقع ملنا خوش آئند ہے۔ سابق کپتان نے کہا کہ اس سیزن کاؤنٹی کھیلنے جا رہا ہوں اور اپنی فٹنس اور فارم ثابت کر کے ٹیم میں واپسی کی کوشش کروں گا۔