انضمام الحق کو ایک کروڑ کا انعام

کراچی۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی فاتح ٹیم کے اعزاز میں ہونیوالی تقریب میں ٹیم سلیکشن کمیٹی کے علاوہ بورڈ کے کئی اعلیٰ عہدیداروں کو بھی میڈل اور نقد انعام کے چیک دیئے گئے۔ بورڈ کے تنخواہ دار ملازمین میں کئی ایسے لوگ بھی شامل تھے جو ٹیم انتظامیہ کا حصہ نہیں تھے۔ ذرائع نے کہا ہے کہ چیف سلیکٹرز انضمام الحق کو ایک کروڑ روپے دیے گئے۔سلیکٹرز توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اور وسیم حیدر کو دس ،دس لاکھ روپے کے چیک دیئے گئے۔ انہیں چیک دلوانے میں انضمام الحق نے اہم کردارادا کیا۔وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی جانب سے پاکستانی ٹیم کے ہر کھلاڑی کے لئے ایک کروڑروپے نقد انعامات دیئے گئے۔ ان کے علاوہ چیف سلیکٹر انضمام الحق (ایک کروڑ روپے)، بولنگ کوچ اظہر محمود (50 لاکھ روپے) پانے والوں میں شامل رہے۔