کولکتہ۔ 5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی اور کانگریس دونوں عوام دشمن معاشی پالیسی پر عمل کررہے ہیں۔ یہ کہتے ہوئے سی پی آئی ایم کے پولیٹ بیورو رکن سیتا رام یچوری نے آج بی جے پی کی سرزنش کی کہ اس نے انشورنس بل اور منظوری کے لئے پیش کیا ہے جو راست غیرملکی سرمایہ کاری کی موجودہ حد میں اضافہ کردے گا، انہوں نے کہا کہ بی جے پی ، یو پی اے دورِ حکومت میں خود ہی اس کی مخالفت کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں ایک ہی سکے کے دو رُخ ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ کانگریس اب انشورنس کے شعبہ میں راست غیرملکی سرمایہ کاری کے قانون کی مخالفت کررہی ہے، جبکہ اس نے اپنے دورِ اقتدار میں یہی بل منظور کروانے کی کوشش کی تھی اور بی جے پی نے اس کی مخالفت کی تھی۔ اب بی جے پی برسراقتدار ہے اور یہی قانون منظور کرنا چاہتی ہے جبکہ اس کی مخالفت کررہی ہے۔ وہ پارٹی ورکرس یونین کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سرمایہ داروں کے ہاتھوں کا کھلونا بن گئی ہے۔