انسداد دہشت گردی کیلئے محکمہ پولیس میں تال میل ضروری

انسداد دہشت گردی کیلئے محکمہ پولیس میں تال میل ضروری
اے پی پولیس اکیڈیمی میں ورکشاپ ، ڈاکٹر پدمنا بھیا کا خطاب
حیدرآباد /5 ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق مرکزی معتمد داخلہ ڈاکٹر پدمنابھیا نے آج کہا کہ دہشت گردی کی روک تھام کیلئے پولیس کے تمام شعبوں میں بہتر تال میل بے حد ضروری ہے ۔ آندھراپردیش پولیس اکیڈیمی میں منعقدہ ’’ نیشنل ورک شاپ آن کاؤنٹر ٹریرزم ‘‘ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے روک تھام کیلئے شعبہ انٹلیجنس کا کلیدی کردار ہوتا ہے اور اس ملک میں انٹلیجنس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ضروری ہے ۔ ڈاکٹر پدمنابھیا نے مزید کہا کہ شعبہ انٹلیجنس وقتاً فوقتاً دہشت گردوں سے متعلق تمام اطلاعات سے باخبر رہنا ضروری ہوتا ہے اور اس میں ناکامی کے سبب دہشت گردی میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی خامیوں کے نتیجہ میں جموں و کشمیر اور مشرقی خطہ تک محدود رہنے والی دہشت گردی کے دائرہ میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کے مختلف مقامات میں اس کا اثر دیکھا جارہا ہے ۔ اس ورکشاپ کو سابق ڈائرکٹر جنرل پولیس مسٹر ایچ جے دورا اور آندھراپردیش پولیس اکیڈیمی کے ڈائرکٹر مسٹر مالکونڈیا نے بھی خطاب کیا ۔