یو ایس کونسلیٹ جنرل حیدرآباد کا شعور بیداری اجلاس ، مختلف شخصیتوں کا خطاب
حیدرآباد /29 جولائی ( سیاست نیوز ) انسانی اسمگلنگ ( بردہ فروشی ) عالمی سطح کا ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس کی روک تھام کیلئے عالمی سطح پر جاری کوششوں کو مزید مستحکم کرنا چاہئے ۔ شہری شعور بیداری اور سماجی تحریک کے ذریعہ بردہ فروشی پر قابو پانا یقیناً آسان ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار مختلف مقررین نے کیا جو آج یہاں عالمی یوم بردہ فروش کے خصوص میں منعقدہ پروگرام کو مخاطب تھے ۔ یو ایس کونسلیٹ جنرل حیدرآباد کی جانب سے منعقدہ اس پروگرام میں بردہ فروشی کے خلاف شعور بیداری اور آگاہی فلم ’’ نا بنگارو تلی ‘‘ کی نمائش کی گئی ۔ اس موقع پر یو ایس کونسلیٹ جنرل حیدرآباد کے کونسل جنرل مسٹر مائیکل ملینسی کے علاوہ اعزازی مہمان محترمہ املا اکینینی وسماجی کارکن ڈاکٹر سنیتا کرسٹنن و دیگر موجود تھے ۔ کونسل جنرل مسٹر مائیکل ملینس نے استقبال کرتے ہوئے بردہ فروشی کے تعلق سے امریکی سیاسی اور تحریک کا تذکرہ کیا اور انسانی اسمگلنگ کو عالمی مسئلہ قرار دیا ۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے اس سنگین مسئلہ پر عالمی مہم کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ اس غیر قانونی عمل کی روک تھام میں ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کے ساتھ اپنا رول ادا کرنا چاہئے ۔ انہوں نے اس موقع پر بردہ فروش کے خلاف امریکی صدر کے پیغام کو بھی بیان کیا اور کہا کہ اس مہم میں امریکہ ہر ملک کے ساتھ ہے ۔ محترمہ املہ اکینینی نے اپنے تجربات اور سماجی مسائل پر روشنی ڈالی اور اس غیر قانونی عمل کے خلاف جدوجہد پر زور دیا ۔ سماجی کارکن ڈاکٹر سنیتا کرشنن نے بردہ فروش اور اس کے نقصانات اور سماج پر اثر انداز ہو رہے اس کے اثرات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ اس موقع پر سماجی کارکنوں اور بردہ فروشی کے خلاف متحدہ جہدکاروں نے ’’ نا بنگارو تلی ‘‘ فلم کا نظام کیا ۔