انسانیت کی نجات ، صرف دین اسلام میں مضمر

بیدر ۔ 28 ۔ اگسٹ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) محمد ایس امین میڈیا سکریٹری یس آئی او بسواکلیان یونٹ کی اطلاع کے بموجب انسانیت کی نجات صرف دین اسلام میں ہی پوشیدہ ہے۔ اللہ تعالی نے اسلام کو نہ صرف مسلمانوں کیلئے بلکہ تمام انسانیت کیلئے پسند فرمایا ہے ، اس لئے مسلمانوں کی یہ اہم ذمہ داری ہیکہ اسلام کی دعوت برادران وطن میں عام کریں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب مولانا حافظ فیصل عمری نے یس آئی او کی جانب سے مسلم طلباء میں دعوت دین کا جذبہ بیدار کرنے کیلئے منعقد کردہ پروگرام بعنوان ’’ قم فانذر ‘‘ سے کیا ۔ ان کے علاوہ جناب اقبال احمد غازی صدر یوتھ وینگ جماعت اسلامی نے مرکزی موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دعوت دین مسلمانوں کی اہم ترین ذمہ داری ہے اس کیلئے جدوجہد کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے ۔ آج سماج میں دین کی اشاعت کیلئے جدوجہد کرنا سماج کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس ضرورت کو ہم ہی پورا کرسکتے ہیں ۔ اسلام زندگی کے ہر شعبہ میں مکمل رہنمائی کرتا ہے ۔ حضرت محمدﷺ پر جب یہ ذمہ داری عائد کی گئی تو آپ نے اپنی پوری زندگی اس ذمہ داری کو ادا کرنے میں لگادی اس قدر تڑپ رسول ﷺ کی تھی کہ بیماری کی حالت میں بھی ہر قافلہ تک پہنچ کر جو مکہ کی سرحد سے گذرتا تھا انہیں دین کی دعوت پیش کرتے اور ان کے حق میں دعا فرماتے ۔ آج ضرورت اس بات کی ہیکہ پھر سے ہم اپنے اندر دعوت دین کی تڑپ پیدا کریں تب کہیں جاکر ہم کامیاب ہوسکتے ہیں ۔ ان کے علاوہ جناب عبدالقادر انجینئر رکن جماعت گلبرگہ نے تمام طلباء کے سامنے آسان مثالوں سے دعوت کا طریقہ کار اور اس کی اہمیت بیان کی ۔ پروگرام کا آغاز برادر محبوب ممبر ایس آئی او کی قرات کلام پاک سے ہوا ۔ صدر مقامی محمد احمد سعد نے افتتاحی کلمات بیان کئے ۔