انسانوں میں بھید بھاؤ مناسب نہیں

نارائن پیٹ میں تلگودیشم امیدوار کا خطاب
نارائن پیٹ۔/27اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میں ایک سیکولر شخص ہوں یہ زمانہ گلوبلائزیشن کازمانہ ہے۔ انسانوں کے درمیان تفریق کرنا اور ذات پات کے زمرہ میں تقسیم کرنا مناسب نہیں ہے۔ مسٹر راجندر ریڈی امیدوار تلگودیشم نے نارائن پیٹ میں مسلمانوں کے ایک نمائندہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ کو شکست دینے کے مقصد سے ہی بی جے پی کے ضلع صدر بی جے پی سے مستعفی ہوکر میرے خلاف محاذ کھولے ہوئے ہیں مگر عوام میرے ساتھ ہیں۔ مسٹر راجندر ریڈی نے کہاکہ نارائن پیٹ حلقہ اسمبلی نہایت پسماندہ ہے،35فیصد علاقے ایسے ہیں جہاں کار نہیں جاسکتی اور 25فیصد رہائشی علاقے ایسے ہیں جہاں پر موٹر سیکل کا جانا بھی مشکل ہے۔ منتخب ہونے کے بعد سڑکوں کی توسیع کے کام کو ترجیح دینے کی بات انہوں نے کہی۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ منتخب ہوتے ہیں تو دریائے کرشنا سے پینے کے پانی کی ایک لائن ڈالی جائے گی۔ اگر حکومت اس کے لئے بجٹ نہ منظور نہ کرے تو وہ ذاتی خرچ سے پینے کے پانی کے مسئلہ کو حل کریں گے کیونکہ وہ عوام کی خدمت کیلئے سیاسی میدان میں آئے ہیں۔ مسٹر راجندر ریڈی نے بتایا کہ وہ منتخب ہونے پر نارائن پیٹ کے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے کاٹن مل منظور کروائیں گے اور پالی ٹیکنک کالج، ڈائیٹ کالج بھی قائم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وہ وہی وعدے کررہے ہیں جن کو وہ پورا کریں گے۔ محمد نواز موسیٰ اور امیر الدین ایڈوکیٹ نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ تلگودیشم کو ووٹ دیں۔ اس اجلاس میں تلگودیشم قائدین رمیش گوڑ، ڈاکٹر نرسمہا ریڈی، محمد چاند، محمود انصاری، محمد تاج الدین ٹنگلی، محمد ریاض رنگریز، محمد تقی خرادی، معین الدین انپور، عمران خان موجود تھے۔