نیوزی لینڈ کیپٹن ولیمسن بحالی ٔ صحت کے بعد ایکشن میں واپسی کیلئے پُرامید ۔ انڈیا کو چار سال میں تیسری کلین سویپ کا موقع
اندور، 7 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی نے جمعہ کو کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے و آخری ٹسٹ میچ میں بائیں ہاتھ کے اوپنر گوتم گمبھیر کھیلیں گے ۔ ویراٹ نے ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کل ہفتہ سے یہاں کھیلے جانے والے میچ سے قبل کی پریس کانفرنس میں گمبھیر کے کھیلنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شکھر دھون زخمی ہونے کی وجہ سے گمبھیر کو موقع ملاہے ۔ انہوں نے کہا کہ شکھر زخمی ہونے کے بعد گمبھیر کا اب میچ میں کھیلنا طے ہے ۔ گمبھیر کو اوپنر لوکیش راہول کانپور کے پہلے ٹسٹ میں زخمی ہونے کے بعد کولکاتا کے دوسرے ٹسٹ کیلئے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا،لیکن ٹیم انتظامیہ نے دوسرے ٹسٹ میں شکھر دھون کو کھلایا ۔شکھر کو اس میچ کے دوران ہاتھ کے انگوٹھے میں چوٹ لگ گئی اور انہیں آخری ٹسٹ سے باہر ہو نا پڑا۔ دوسری طرف مہمانوں کے ریگولر کیپٹن کین ولیمسن آخری ٹسٹ میں کھیلنے کے تعلق سے پُرامید ہیں۔ انھوں نے گزشتہ روز نٹ پریکٹس کی۔ وہ وائرل انفکشن کی بناء کولکاتا ٹسٹ نہیں کھیل پائے تھے۔ انڈیا کو چار سال میں تیسری ’کلین سویپ‘ مکمل کرنے کا موقع ہے۔
میزبانوں نے آسٹریلیا کو 2012-13ء میں 4-0 سے شکست فاش دی تھی اور اگلے سیزن میں ویسٹ انڈیز کو بھی سیریز میں کوئی ٹسٹ جیتنے کا موقع نہیں دیا۔ گزشتہ سال جنوبی افریقہ کے خلاف ’کلین سویپ‘ تو نہ ہوئی لیکن میزبانوں نے واضح طور پر سیریز جیتی۔ ویراٹ نے اندور کے ھولکر اسٹیڈیم کی وکٹ کو ’’اسپورٹنگ پچ‘‘ بتاتے ہوئے کہا کہ اس پر بلے بازوں اور گیند بازوں دونوں کو مدد ملے گی۔ اس پچ پر اچھے رنز بھی بنیں گے اور گیندبازوں کو وکٹ بھی ملے گی۔ یہ اندور میں اولین ٹسٹ کرکٹ میچ ہے جہاں عرصہ دراز سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلی جاتی رہی ہے۔ کپتان نے خود اپنے ردھم کے بارے میں پوچھے گئے سوا ل کے جواب میں کہا کہ وہ اپنے لئے فکر مند نہیں ہیں۔ ہندوستانی کپتان نے پیس بولر محمد سمیع کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُن کی فٹنس میں کافی بہتری آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمیع کا فٹ ہونا ہوم سیزن کیلئے بہت فائدہ مندرہا ہے ۔ موسم کے تعلق سے پوچھے جانے پر کوہلی نے آسمان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ موسم کو دیکھ کر ٹیم انڈیا نے کبھی بھی تیاری نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ٹیم موسم کو دیکھ کر تیاری نہیں کرتی کیونکہ موسم کسی کے قابو میں نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ موسم کی وجہ سے میچ میں ممکنہ خلل پر کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ اس میچ کے دوران ہلکی بارش ہونے کی موسمی پیش قیاسی ہے۔