حیدرآباد۔ 2؍جولائی (سیاست نیوز)۔ تاریخی مکہ مسجد میں پانی کا مسئلہ آئندہ دو یوم کے دوران بالکلیہ طور پر پوری طرح ختم ہوجانے کی توقع ہے۔ مکہ مسجد کے صحن میں زیر تعمیر ایک لاکھ گیلن پانی کے سمپ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور اس سمپ میں تجرباتی اساس پر پانی بھرا جاچکا ہے۔ آئندہ چار یوم اس سمپ میں بھرے گئے پانی کا جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پانی کی موجودہ قلت کو دُور کرنے کے لئے کئے گئے اقدامات کے طور پر تعمیر کردہ اس سمپ کی تعمیر مکمل ہونے کے فوری بعد اس سے استفادہ شروع کردیا جائے گا۔ مکہ مسجد کے عہدیداروں کے بموجب آئندہ دو یوم میں مسجد کے دونوں حوض مکمل طور پر پانی سے لبریز ہوجائیں گے اور ہمیشہ اسی طرح پانی کی سطح برقرار رکھنے کی کوشش جاری رہے گی۔ مسجد کے اندرونی حصے میں جائے نمازوں میں گرد اور دھول کی شکایت کے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ مسجد کے اندرونی حصے میں دن کے اوقات میں رنگ و روغن کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے مسجد کی جائے نمازوں میں دھول اور گرد کے علاوہ چونے کے اثرات پیدا ہورہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ رنگ و روغن کا کام جو گزشتہ چار یوم سے جاری ہے، آج پائے تکمیل کو پہنچے گا اور کل مسجد کے اندرونی حصے میں موجود جائے نمازوں کی ویکیوم کلینر سے صفائی انجام دی جائے گی۔ اس کے بعد مصلیوں کو یہ شکایت باقی نہیں رہے گی۔ مسجد کے طہارت خانوں میں پانی کی عدم سربراہی اور صحن میں پینے کے پانی کی عدم موجودگی کی شکایت کا بھی عہدیداروں کی جانب سے جائزہ لیا جارہا ہے اور اس خصوص میں بہت جلد اقدامات کئے جانے کی توقع ہے۔ تاریخی مکہ مسجد میں حکومت کی جانب سے ناکافی و ناقص انتظامات کے سبب مصلیوں میں سخت برہمی پائی جاتی ہے۔ مسجد کے مصلیان کرام نے اس بات کی بھی شکایت کی ہے کہ مسجد کے اُمور کے نگران عہدیداروں سے متعدد مرتبہ شکایت کے باوجود مسائل حل نہ کئے جانے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ عہدیدار خود مسجد کے متعلق لاپرواہی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔