اندرا گاندھی کی یادگار پر تقریب میں وزیراعظم غیر حاضر

نئی دہلی 31 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی یادگار شکتی استھل پر ان کی برسی تقاریب میں شرکت نہیں کی ۔ تاہم ٹوئٹر پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں ابنائے وطن کے ساتھ سابق وزیر اعظم مسز اندرا گاندھی کی برسی پر انہیں یاد کرنے میں شامل ہوں ۔ اندرا گاندھی کا آج ہی کے دن 1994 ء میں خود ان کے سکھ باڈی گارڈس نے قتل کردیا تھا۔ اندرا گاندھی کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی، نائب صدر محمد حامد انصاری اور کانگریس کے کئی اعلی قائدین نے ان کی یادگار پر پھول مالائی چڑھاتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ۔ خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں صدر کانگریس سونیا گاندھی اور نائب صدر راہول گاندھی بھی شامل تھے ۔ انہوں نے اس مقام پر پھول مالائیں چڑھائی جہاں اندرا گاندھی کی سمادھی ہے۔ شکتی استھل پر اس موقع پر قومی گیت بجائے گئے۔ ان کی قیام گاہ پر بھی جہاں 30 سال قبل ان کا قتل ہوا تھا۔ ان کی یادگار میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے موقع سے دوری اختیار کرنے پر کانگریس قائدین نے حکومت پر تنقید کی۔ منیش تیواری نے کہا کہ اندرا گاندھی ملک کیلئے زندہ رہی اور اسی کیلئے اپنی جان دی۔ ہر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ان کی برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کرے۔ برسی کی تقریب میں ان کی سمادھی پر حاضری دینے والوں میں پارٹی قائدین موتی لعل ووہرا ، ایم ویرپا موئیلی ،سشیل کمار شنڈے، احمد پٹیل ،بھوپیندر سنگھ بھوڈا، غلام نبی آزاد، ڈگ وجئے سنگھ ،شکیل احمد اور دیگر قائدین شامل تھے۔ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی نے اندرا گاندھی یادگار پر ان کی برسی کے دن پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا تھا۔