نئی دہلی ۔ 30 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کرنے پر کانگریس ترجمان کی حیثیت سے اپنا وقار کھونے والے ششی تھرور نے آج نریندر مودی پر تنقید کرنے پر بھی کسی پس و پیش کا اظہار نہیں کیا اور کہا کہ سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی شہادت کو موجودہ حکومت نے نظرانداز کردیا ہے جن کی برسی کل منائی جانے والی ہے۔ اپنے ٹوئیٹر پر تحریر کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ تعجب اور افسوس کی بات ہے کہ ہماری حکومت نے اندرا گاندھی جیسی اہل اور قابل وزیراعظم جنہوں نے اپنے فرائض انجام دینے کے دوران اپنی جان تک نچھاور کردی، انہیں بالکلیہ نظرانداز کردیا گیا۔
یاد رہیکہ 31 اکٹوبر 1984ء کو مسز اندرا گاندھی کو ان کے ہی سکھ باڈی گارڈس نے قتل کردیا تھا جس کے بعد دہلی میں سکھ مخالف فسادات پھوٹ پڑے تھے جس میں تقریباً 7000 سکھوں کو قتل کردیا گیا تھا۔ حکومت کے اعلامیہ میں اندرا گاندھی کا کوئی تذکرہ نہیں ہے حالانکہ وہ ان کی برسی کا دن ہے۔ حکومت نے بھی یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ صرف مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش اور برسی سے وابستہ رہنا چاہتی ہے جبکہ دیگر سیاسی لیڈروں کی یوم پیدائش اور برسیاں منانے کیلئے متعلقہ ٹرسٹس، پارٹیاں، سوسائٹیاں اور حامیوں کے ذریعہ یہ کام انجام دیا جاسکتا ہے۔
حکومت نے یہ فیصلہ بھی کیا ہیکہ سرکاری بنگلوں کو یادگاروں میں تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ ششی تھرور نے وزیراعظم نریندر مودی کے سوچھ بھارت ابھیان کی ستائش کی تھی جس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے کانگریس نے انہیں پارٹی ترجمان کی حیثیت سے معطل کردیا تھا۔ کانگریس کی کیرالا یونٹ بھی یہی چاہتی تھی کہ کانگریس ہائی کمان تھرور کے خلاف سخت کارروائی کرے۔ ششی تھرور کانگریس تھرواننتھاپورم سے کانگریس کے ایم پی ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی کی ستائش کی تھی اور کہا تھا کہ اگر انہیں (تھرور) سوچھ بھارت ابھیان میں شامل ہوئے مدعو کیا گیا تو وہ ان کیلئے ایک اعزاز ہوگا۔ کانگریس کے کئی قائدین نے ششی تھرور کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کا مطالبہ شروع کردیا تھا۔