پرکٹ سڑک حادثہ میں زخمی کی سرجری کیلئے تعاون کی اپیل
نظام آباد:28؍ نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آر کے انجینئر نگ کالج بودھن میں EEE کے طالب علم محمد عبدالکامران ولد محمد عبدالمجید ساکن اعظم روڈ جمعہ کے دن شتریہ کالج پرکٹ میں منعقدہ سمسٹر امتحانات میں شرکت کیلئے اپنے ساتھی کے ہمراہ موٹر سیکل پرپرکٹ جارہے تھے کہ راستہ میں اچانک گاڑی کے سامنے ایک شخص آجانے پر موٹر سیکل سے توازن کھوکر کامران سر کے بل نیچے گر پڑے محمد کامران کو تشویشناک حالت میں دوپہر ایک بجے ضلع سرکاری دواخانہ میں شریک کیا گیا جہاں پر سرکاری ڈاکٹرس نے حسب عادت زخمی کو علاج فراہم کرنے میں انتہائی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اور شام 6:30 بجے تک محمد کامران کو سرکاری دواخانہ میں علاج نہ ملنے کے باعث صحت مزید بگڑ گئی۔ محمد کامران کے والد محمد مجید نوی پیٹ میں اے ٹی ایم سنٹر میں سیکوریٹی گارڈ کی حیثیت سے ملازمت کرتے ہیں ۔ سرکاری دواخانہ میں محمد کامران کی تشویشناک حالت اور ڈاکٹرس کی لاپرواہی کو دیکھتے ہوئے ان کے والد نے شام 6:30 بجے مجلس تحفظ ختم نبوت کی ایمبولنس کو طلب کرتے ہوئے محمد کامران کو حیدرآباد کمس ہاسپٹل منتقل کیا جہاں پر ڈاکٹرس نے زخمی محمد کامران کا معائنہ کرنے کے بعد ان کی زندگی بچانے کیلئے نیورو سرجری کو لازمی قرار دیا جس کیلئے 4لاکھ روپئے اخراجات بتائے گئے ہیں۔ چونکہ محمد کامران کے والد اے ٹی ایم سنٹر پر معمولی تنخواہ پر کام کرتے ہیں دواخانہ کے اخراجات ادا کرنے سے قاصر ہے۔ محمد کامران کے والد اور تمام ارکان خاندان دوست احباب نے امت مسلمہ کے مخیر حضرات سے پرُ خلوص اپیل کی ہے کہ کامران کے علاج کیلئے فوری امداد فراہم کریں کمس ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے فوری نیورو سرجری کو لازمی قرار دیا بصورت دیگر محمد کامران کی زندگی کو خطرہ لاحق بتایا ہے ۔ اہل خیر حضرات امداد کیلئے ایم اے مجید کے فون نمبر 7416352378 پر ربط پیدا کرسکتے ہیں یا پھر ایم اے مجید کے اکائونٹ نمبر0 32780201051685 یونین بینک آف انڈیا نوی پیٹھ برانچ پر امداد جمع کراسکتے ہیں۔ایم اے مجید نے امت مسلمہ کے تمام اہل خیر حضرات، خدمت خلق سوسائٹیز اور تمام ہی بیت المال کے ذمہ داران سے امداد کی اپیل کی ہے۔