انجینئرس کو ہائی ٹیک سٹی منتقلی کے دوران کار میں آگ

شیخ پیٹ میں سنسنی، نامعلوم شخص کے ذریعہ پٹرول ڈالنے کا واقعہ
حیدرآباد 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) گولکنڈہ کے علاقہ شیخ پیٹ میں آج اُس وقت سنسنی پھیل گئی جب سافٹ ویر انجینئرس کو ہائی ٹیک سٹی منتقل کرنے والی ٹیکسی کار میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ تفصیلات کے بموجب شفیع الدین ساکن حسن نگر جو کیاب ڈرائیور ہے، اپنی کار میں سافٹ ویر انجینئرس کو آرام گڑھ سے ہائی ٹیک سٹی منتقل کرنے کے دوران بعض سافٹ ویر انجینئرس کو مہدی پٹنم سے بھی کار میں سوار کرلیا۔ جب کار شیخ پیٹ گولکنڈہ پہونچی تو اچانک کار کے انجن میں آگ لگ گئی اور کچھ ہی دیر میں آگ نے کار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اسی دوران وہاں سے گزرنے والے ایک نامعلوم شخص نے بھی کار پر پٹرول ڈال دیا تھا جس کے نتیجہ میں آگ مزید شدت اختیار کرگئی۔ مقامی افراد نے فوراً فائر انجن کو طلب کرلیا بعدازاں آگ پر قابو پالیا گیا۔ پولیس گولکنڈہ اس سلسلہ میں تحقیقات کررہی ہے۔