انجو ، گوپی چند ’کھیلو انڈیا‘ کے ارکان

نئی دہلی ، 27 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی واحد اتھلیٹکس ورلڈ چمپئن شپ میڈل ونر انجو بابی جارج اور چیف نیشنل بیڈمنٹن کوچ پولیلا گوپی چند کو ’’کھیلو انڈیا‘‘ کے ارکان کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔ یہ ملک میں اسپورٹس کے فروغ سے متعلق نیشنل پروگرام ہے جو حکومت کی کاوش ہے۔ کھیلو انڈیا سات رکنی کمیٹی ہے، جس میں انجو اور گوپی چند دو اسپورٹس پرسنس ہیں۔ اسپورٹس سکریٹری راجیو یادو کمیٹی کے سربراہ ہیں۔ بطور لانگ جمپر اپنے کارناموں کیلئے معروف انجو حال میں کیرالا اسپورٹس کونسل کی پریسیڈنٹ کی حیثیت سے 13 دیگر ممبرز کے ساتھ مستعفی ہوئیں جو وزیر اسپورٹس ای پی جئے راجن کے ’’توہین آمیز برتاؤ‘‘ کے خلاف احتجاجی اقدام رہا۔ سابق آل انگلینڈ بیڈمنٹن چمپئن گوپی 2006ء سے انڈین نیشنل بیڈمنٹن ٹیم کے کوچ ہیں اور سائنا نہوال، پی وی سندھو، کے سریکانت و دیگر کے بین الاقوامی سطح پر شاندار مظاہرے کیلئے محرک سمجھے جاتے ہیں۔