نرمل۔/13جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اشفاق الرحمن انصاری، معتمد نشرواشاعت انجمن پاسبان اردو نرمل کی اطلاع کے بموجب انجمن کا طرحی وغیر طرحی مشاعرہ بہ طرح ’ اس پہ کچھ رنگ ابھی اور چڑھاتے رہے‘‘ ( قافیہ : چڑھانے ) 12جون 9:30بجے شب پنشن ہاوز ( احاطہ تحصیل آفس ) نرمل میں بصدارت ڈاکٹر ہادی منزہ منعقدہوا۔ محمد انور حسین موظف لکچر گورنمنٹ ڈگری کالج نرمل اور اسرار احمد موظف ہیڈ ماسٹر مہمانان خصوصی تھے۔ جناب ماجد نثار کی تلاوت کلام پاک اور عسکر نرملی کی نعت شریف کے بعد مشاعرہ کے آغاز سے قبل منیب حنفی ( پربھنی ) اور ڈاکٹر قمر زبیر (دیگلور ) کا مرسلہ کلام ماجد نثار نے پیش کیا۔ طرحی و غیر طرحی دور میں ڈاکٹر ہادی منزہ، ماجد نثار، انور احمد انور، عسکر نرملی، اشفاق الرحمن انصاری، تجمل حسین تجمل، شاکر نرملی، فہیم انصاری اور محسن بن محمد نے سامعین کو محظوظ کیا جبکہ نظامت کے فرائض اشفاق الرحمن انصاری نے انجام دیئے۔ رات دیر گئے انور احمد انور کے شکریہ پر مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا۔ انجمن کا اگلا مشاعرہ عید ملاپ مشاعرہ ہوگا جو 24جولائی کو منعقد ہوگا جس کے لئے طرح مصرعہ ’ یہ تبسم بھی علامت ہے خفا ہونے کی‘ ( قافیہ: خفا ) دیا گیا ہے۔ بیرونی شعراء اپنا طرحی کلام ڈاکٹر ہادی منزہ، مدینہ کالونی ( سرد محل ) نرمل کے پتہ پر روانہ کرسکتے ہیں۔