انجمن پاسبان اردو نرمل کے مشاعرہ کا انعقاد

نرمل۔/21مارچ، ( فیکس ) اشفاق الرحمن انصاری معتمد نشرواشاعت انجمن پاسبان اردو نرمل کی اطلاع کے بموجب انجمن کا طرحی و غیر طرحی مشاعرہ بہ طرح ’ اس دور کا انسان وفا بھول گیا ہے‘ مورخہ 20 مارچ پنشن ہاوز ( احاطہ تحصیل آفس ) نرمل میں 9:30بجے شب ڈاکٹر ہادی منزہ کی صدار ت میں منعقد ہوا۔ مہمانان خصوصی کے طور پر حافظ عبدالکلیم اور محمد عبدالحلیم نے شرکت کی۔ بزرگ شاعر ماجد نثار کی تلاوت کلام پاک اور ڈاکٹر ہادی منزہ کی نعت شریف سے مشاعرہ کا آغاز ہوا۔ بزرگ شاعر ماجد نثار، ڈاکٹر ہادی منزہ، انور احمدانور، عسکر نرملی، اشفاق الرحمن انصاری، شاکر نرملی اور محسن بن محمد نے اپنے تازہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ اشفاق الرحمن انصاری نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ رات دیر گئے انور احمد انور کے شکریہ پر مشاعرہ کا اختتام عمل میں آیا۔ انجمن کا اگلا مشاعرہ 17 اپریل بروز جمعہ منعقد ہوگا جس کے لئے طرح مصرعہ ’ اب محبت کو عام کرنا ہے‘ ( عام : قافیہ دیا گیا ہے)۔ بیرونی شعراء سے التماس ہے کہ وہ اپنا مرسلہ کلام ’ ڈاکٹر ہادی منزہ ‘ مدینہ کالونی ( سرد محل ) نرمل کے پتہ پر ارسال کریں۔