انتودیا کارڈس کی تقسیم میں مستحقین کے ساتھ ناانصافی

منڈل پریشد کوہیر کا اجلاس، تحصیلدار فرحین شیخ پر جانبداری کا الزام
کوہیر /28 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل پرجا پریشد کا سہ ماہی اجلاس شریمتی جے انیتا کوہیر منڈل صدر نشین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز ہوتے ہی ارکان منڈل پریشد اور سرپنچوں نے انتودیا راشن کارڈس کی تقسیم میں تحصیلدار فرحین شیخ پر جانبداری کا الزام عائد کرتے ہوئے زبردست ہنگامہ آرائی کی۔ اس موقع پر شیخ جاوید نائب صدر نشین اور محمد اشرف علی کوٖآپشن ممبر نے بتایا کہ مستحق لوگوں کو انتودیا کارڈس نہیں دیئے گئے، بلکہ جو لوگ مالدار اور زمیندار ہیں ان کو کارڈس جاری کئے گئے ہیں۔ ہنگامہ آرائی دیکھ کر کوہیر منڈل کے اسپیشل آفیسر انچارج ڈی ایس او نے تیقن دیا کہ دوبارہ کارڈس کی تحقیقات کی جائے گی اور جانچ پڑتال کے بعد مستحق افراد کو کارڈس دیئے جائیں گے۔ تحصیلدار فرحین شیخ نے بتایا کہ دو یا تین دنوں میں ارکان منڈل پریشد اور سرپنچوں کا ایک اجلاس طلب کیا گیا، اس کے بعد ہی انتودیا کارڈس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ محمد عبد القدیر سرپنچ منیار پلی، شیخ جاوید ایم پی ٹی سی اور محمد اشرف علی کوآپشن ممبر نے حکومت تلنگانہ پر الزام عائد کیا کہ حکومت ایک طرف تلنگانہ میں اردو زبان کو دوسری سرکاری زبان بنانے کا وعدہ کرتی ہے اور دوسری طرف اردو میڈیم سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو بے یار و مددگار چھوڑ دیتی ہے، یعنی نہ تو انھیں کتابیں فراہم کی جاتیں ہیں اور نہ ہی ان کے لئے مستقل ٹیچر کا انتظام کیا جاتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جون کا مہینہ ختم ہو رہا ہے، لیکن اب تک اردو میڈیم طلبہ کو درسی کتابیں نہیں فراہم کی گئیں۔ اجلاس کے دوران ارکان منڈل پریشد نے زبردست ہنگامہ کھڑا کردیا۔ اس موقع پر کوہیر منڈل ایجوکیشن آفیسر انجیا نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو اردو کے متعلق تمام تفصیلات روانہ کردی گئی ہیں، لیکن اب تک حکومت کی جانب سے کتابیں روانہ نہیں کی گئیں، لہذا وہ مجبور ہیں۔ انھوں نے اندرون 8 یوم اردو میڈیم کتابیں مہیا کرنے کا تیقن دیا۔ شیخ صابر حسین اسسٹنٹ انجینئر محکمہ آبرسانی نے اجلاس کو بتایا کہ گھر گھر نل کا کنکشن کا کام جاری ہے، تقریباً کام مکمل ہو چکا ہے۔ ارکان منڈل پریشد نے بتایا کہ منظم سازش کے تحت رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں سحر اور افطار کے وقت اکثر برقی کٹوتی کی جا رہی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید مصائب کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جس پر کوہیر منڈل اسسٹنٹ انجینئر برقی گنگا دھر نے کہا کہ کچھ فنی خرابی کی وجہ سے برقی کٹوتی ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ عملہ کی کمی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب کہ منڈل کے لئے محکمہ برقی کے عملہ کی سخت ضرورت ہے۔ انھوں نے تیقن دیا کہ رمضان کے مہینہ میں برقی کٹوتی نہیں کی جائے گی۔ محکمہ زراعت کے اے او رتنا نے بتایا کہ کوہیر منڈل میں خریف کی فصلوں کے لئے تخم ریزی جاری ہے، تمام کسانوں کو حکومت کی جانب سے سبسیڈی پر سویا، مکئی، تور اور دیگر فصلوں کے لئے تخم، یوریا اور ڈی اے پی فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر محکمہ پنچایت راج، آر ٹی سی، میڈیکل اینڈ ہیلتھ کے علاوہ دیگر محکمہ جات پر بھی ارکان نے تبادلہ خیال کیا۔