انتودیا کارڈز کے حامل صارفین کیلئے اطلاع

کوہیر۔ یکم اپریل، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل تحصیلدار فرحین شیخ نے کوہیر میں اخباری نمائندوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انتودیا کارڈس کی تقسیم میں بدعنوانیوں کی شکایت اخبارات میں شائع ہورہی ہیں اگرچہ کسی کو کوئی اعتراض ہو تو وہ لوگ آکر ان سے رجوع ہوکر مستحق افراد کی نشاندہی کریں۔ ہر حال میں ان کے ساتھ انصاف ہوگا۔ کوہیر منڈل میں انتودیا کارڈس منظور کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کوہیر منڈل میں ووٹر لسٹ کو آدھارنمبر سے مربوط کرنے کا کام یکم اپریل سے شروع ہوچکا ہے جوکہ یکم جون تک جاری رہے گا۔ کوئی سرکاری آفیسر آپ کے مکان تک آنے پر انہیں ایک آدھار کارڈ کی زیراکس کاپی حوالے کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جی او 58کے تحت کوہیر منڈل میں زمین بندی پروگرام میں 160درخواستیں وصول ہوئی ہیں جس میں 60افراد مستحق پائے گئے ہیں جن کو 45 دنوں کے اندر متعلقہ دستاویزات حوالے کردی جائیں گی۔ اس موقع پر نائب تحصیلدار باگیا، ریونیو انسپکٹر بسوا راج وغیرہ موجود تھے۔

اے ای الیکٹریسٹی کھمم رشوت لیتے ہوئے گرفتار
حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( پریس نوٹ ) اسسٹنٹ انجینئر الیکٹریسٹی کھمم ایس رامی ریڈی کو زرعی اغراض کیلئے ٹرانسفارمر کی تنصیب کیلئے درخواست گذار سے پندرہ ہزار روپئے رشوت قبول کرنے کے دوران اے سی بی عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور رشوت کی رقم کو عہدیدار کی جیب سے برآمد کرلیا گیا۔ مذکورہ عہدیدار کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ انہیں عدالت میں پیش کیا جارہا ہے۔

ایم آر آئی ظہیرآباد رشوت لیتے
ہوئے گرفتار
حیدرآباد۔ یکم اپریل، ( پریس نوٹ ) ایم آر آئی دفتر تحصیلدار ظہیرآباد جی دتہ ریڈی کو ایک درخواست گذار سے درکار اراضی کے متعلق غلط رپورٹ دینے کیلئے4ہزار روپئے رشوت قبول کرنے کے دوران اے سی بی عہدیداروں نے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور رشوت کی رقم کو عہدیدار کی جیب سے برآمد کرلیا گیا۔ مذکورہ عہدیدار کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور عدالت میں پیش کیا جائے گا۔