انتقام لینے ضعف شخص کا اغواء، دو افراد گرفتار

مغویہ سید جمیل کو آزاد کرانے میں پولیس کامیاب
حیدرآباد 7 اگست (سیاست نیوز)ایک ضعیف شخص کا اغواء کرنے والے دو افراد کو چندرائن گٹہ پولیس نے گرفتار کرلیا تاہم ایک اور شخص پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ بدلہ لینے کی خاطر 65 سالہ سید جمیل ساکن جہانگیر آباد کا تین افراد حبیب حسن ،ناصر بن سالم اور محسن بن سالم نے اغواء کرلیا تھا ۔ سب انسپکٹر نریندر کے مطابق اغواء کل شام 5 بجے ہوا تھا اور پولیس نے رات دیر گئے سید جمیل کو اغواء کنندہ کے چنگل سے آزاد کروالیا اور دو افراد ناصر بن سالم اور محسن بن سالم کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق سید جمیل کا اغواء ان کے بیٹے اکبر سے بدلہ لینے کی غرض سے کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق اکبر نے تقریبا ایک ماہ قبل ایک 16 سالہ نابالغ لڑکی سے شادی کی تھی اور اس کے خلاف کنچن باغ پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی درج کروائی گئی تھی ۔ تاہم جیل سے رہائی کے بعد اکبر نے دوبارہ اس لڑکی کے ساتھ فرار اختیار کرلی اور یہ دوسری مرتبہ ہوا کہ دونوں فرار ہوگئے ۔ اکبر کے خاندانی ذرائع کے مطابق اکبر اور لڑکی کی شادی کا نکاح نامہ موجود ہے ور دونوں نے اپنی پسند سے شادی کی تھی اور لڑکی نے حلف نامہ بھی داخل کیا تھا تاہم گذشتہ چند روز سے وہ لاپتہ ہوگئے ۔ اس بات پر برہم لڑکی کے تایازاد بھائی حبیب حسن نے اپنے دو ساتھیوں ناصر بن سالم اور محسن بن سالم کی مدد سے لڑکی اور اکبر کا پتہ جاننے کی خاطر کل شام سید جمیل کا اغواء کیا ۔ پولیس نے سید جمیل کی دختر کی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے جال بچھایا اور دونوں کو گرفتار کرلیا جنہیں آج عدالتی تحویل میں دے دیا گیا۔