انتقال

بنگالورو 24جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو)کے سابق صدرنشین پروفیسر یو آر راؤ آج بنگالورو میں واقع اپنی قیام گاہ میں چل بسے ۔ ان کی عمر85تھی۔ان کے پسماندگان میں بیوی کے علاوہ ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وہ صحت کے مسائل کے سبب گزشتہ کچھ عرصہ سے علیل تھے ۔پروفیسر راؤ نے ہندوستان کے پہلے سٹلائیٹ آریہ بھٹ کے دنوں سے لے کر کئی سٹلائیٹ پروگراموں کو تیار کرنے میں اہم کردار اداکیاتھا۔ پروفیسر راؤ 1984سے 1994تک دس سال تک اسرو کے صدرنشین رہے ۔چندریان ایک اور منگل یان کی تیاری میں ان کا اہم کردار رہا ہے ۔مدراس یونیورسٹی کے سابق طالب علم پروفیسر راؤ نے آخری سانس تک تروننتاپورم کے انڈین انسٹی ٹیوٹ فار اسپیس سائنس اینڈ ٹکنالوجی کے چانسلر کے طور پرخدمات انجام دیں۔