انتقال

سابق چیف منسٹر این جناردھن ریڈی چل بسے
صدر جمہوریہ اور مختلف سیاسی قائدین کا اظہار تعزیت

حیدرآباد /9 مئی ( سیاست نیوز ) سابق چیف منسٹر این جناردھن ریڈی چل بسے ۔ آج صبح انہوں نے آخری سانس لی ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی کے بشمول مختلف جماعتوں کے قائدین نے اظہار تعزیت پیش کی ۔ کل ان کے آبائی مقام پر آخری رسومات انجام دی جائے گی ۔ 20 فروری 1935 کو ضلع نیلور کے موضع واکاڈا میں پیدا ہوئے 1972 میں سیاسی کیڈر کا آغاز کرنے والے آنجہانی قائد دو مرتبہ لوک سبھا اور ایک مرتبہ راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے 1988 میں صدر پردیش کانگریس کمیٹی کی حیثیت سے نامزد ہوئے 1990-92 ، 2 سال تک چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز رہے ۔ 1998 میں حلقہ لوک سبھا باپٹلہ اور 1999 میں حلقہ لوک سبھا نرساراؤ پیٹ اور 2004 میں حلقہ لوک سبھا وشاکھاپٹنم سے منتخب ہوئے ۔ ان کے پسماندگان میں اہلیہ این راجیہ لکشمی سابق ریاستی وزیر کے علاوہ چار فرزندان شامل ہیں ۔ آنجہانی قائد ریاست کے سینئیر ترین قائدین میں شمار ہوتے ہیں ۔ انہوں نے ریاستی کابینہ میں اہم وزراتیں زراعت ، مال ، صنعت اور برقی پر خدمات انجام دے چکے ہیں ۔ انہوں نے اس وقت ریاست کے چیف منسٹر کی ذمہ داری نبھائی تب ریاست میں نکسلائیٹس کی سرگرمیاں عروج پر تھی ۔ ایک مرتبہ وہ نکسلائیٹس کے حملے میں بال بال بچ گئے تھے ۔ نمس ہاسپٹل میں علاج کے دوران آج انہوں نے آخری سانس لی ۔ نعش کو سوماجی گورہ پر واقع ان کی قیام گاہ منتقل کردیا گیا ۔ کل ان کے آبائی مقام پر آخری رسومات انجام دی جائے گی ۔ صدر کانگریس مسز سونیا گاندھی نے آنجہانی قائد کے ارکان خاندان سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے اظہار تعزْیت پیش کیا ۔ جبکہ صدر جمہویہ پرنب مکرجی نے ایک تعزیتی پیام میں مسٹر جناردھن ریڈی کی مختلف حیثیتوں سے خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این راگھوویرا ریڈی صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی بی جے پی کے قومی نائب صدر بنڈارو دتاتریہ مرکزی وزراء پلم راجو ، چرنجیوی سابق وزیر مسٹر ڈی سرینواس وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے قائد ڈاکٹر ایم وی میسورا ریڈی تلگودیشم کے قائدین نے بھی آنجہانی قائد کے قیام گاہ پہونچکر ان کے ارکان خاندان کو پرسہ دیا ۔ صدر آندھراپردیش کانگریس کمیٹی مسٹر این راگھویرا ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایک اہم قائد سے محروم ہوگئی ۔ ان کی خلاء کو پر کرنا ناممکن ہے ۔ شام پانچ بجے اندرا بھون میں آنجہانی قائد کی میت کو عوام کی دیدار کیلئے رکھا گیا ۔ اس کے بعد نعش کو ان کے آبائی مقام منتقل کردیا گیا ۔ ڈی سرینواس ۔ پنالہ لکشمیا ، چرنجیوی اور پلم راجو نے آنجہانی قائد کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔

حیدرآباد ۔9 ۔ مئی : ( راست ) : محترمہ حسین بانو اہلیہ جناب خواجہ شریف مرحوم ساکن منڈی میر عالم کا انتقال ہوگیا ۔ تدفین آبائی قبرستان احاطہ مسجد چندہ صاحب چادر گھاٹ میں عمل میں آئی ۔ پسماندگان میں 4 دختران و چار فرزند شامل ہیں ۔ تفصیلات کے لیے 9391200786 پر ربط کریں ۔۔
٭٭ جناب محمد شمس الدین وکیل رکن جماعت اسلامی ہند چندرائن گٹہ کا بعمر 80 سال انتقال ہوگیا ۔ مرحوم ، مولانا ابواللیث اصلاحی سابق امیر جماعت اسلامی ہند کے قریبی عزیز اور مولانا محمد نظام الدین اصلاحی (چاند پٹی ) کے برادر خورد تھے ۔ مرحوم کی نماز جنازہ کل ہی بعد نماز عشاء مسجد عابدہ میں ادا کی گئی اور تدفین جل پلی کے قبرستان میں عمل میں آئی ۔ تفصیلات کیلئے 8341438196 ۔ 9848119654 پر ربط کریں ۔۔
٭٭ الحاجہ محترمہ حسین بانو ، زوجہ جناب خواجہ شریف مرحوم کا 94 سال کی عمر میں بروز جمعرات 8 مئی کو انتقال ہوگیا ۔ تدفین قبرستان چندا صاحب چادر گھاٹ میں عمل میں آئی ۔ پسماندگان میں چار بیٹے سلطان شریف ، عبداللہ شریف ، اعظم شریف ( سلیم ) ، کبیر شریف شامل ہیں ۔۔