ڈھاکہ ۔ 9 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش کی طاقتور فوج نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا کہ وہ سیاسی انتشار کے خاتمہ کیلئے فوجی بغاوت کا منصوبہ بنا رہی ہے جس میں تاحال 100 انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں۔ فوج نے کہا کہ وہ ملک کے دستور اور قوانین کا مکمل طور پر احترام کرتی ہے۔ فوج ایک محب وطن تنظیم ہے جو مکمل طور پر دستور اور قوانین کا احترام کرتی ہے۔ فوج کی انٹر سرویس روابط عامہ ڈائرکٹوریٹ کے بموجب ذرائع ابلاغ کے چند گوشے ایسے تبصرے قیاس آرائیوں کی بنیاد پر شائع کررہے ہیں جو انتہائی بدبختانہ ہے۔ فوج کے کل جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہیکہ ایسی خبریں غیرضروری ہیں اور ان سے عوام میں الجھن پیدا ہوسکتی ہے۔ ان حالات میں تمام متعلقہ افراد سے فوج نے گذارش کی ہیکہ وہ کافی محتاط رہیں اور معلومات کا اپنی قیاس آرائیوں کی بنیاد پر تبصرہ نہ کریں اور نہ فوج کے بارے میں کوئی اندازے ظاہر کریں۔ بنگلہ دیش میں کم از کم 19 بار فوجی بغاوت ہوچکی ہے اور دو مرتبہ فوجی ڈکٹیٹر 1971ء میں ملک کی آزادی کے بعد برسراقتدار رہ چکے ہیں۔