لاہور۔22 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ میں ایک بار پھر سابق کپتان انتخاب عالم کی واپسی ہوئی ہے جنہیں نوید اکرم چیمہ کی جگہ دورہ زمبابوے کیلئے پاکستانی ٹیم کا منیجر مقرر کردیا گیا ہے۔ہر دور میں کسی نہ کسی طرح پاکستان کرکٹ بورڈ سے منسلک رہنے والے انتخاب عالم کو ایک بار پھر نیشنل ٹیم مینجمنٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 1992 کے عالمی کپ اور 2009 کے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں جب پاکستانی ٹیم چمپئن بنی توپاکستانی ٹیم کے منیجر انتخاب عالم ہی تھے۔ لیکن جب کبھی بھی انہیں منیجر کے عہدے سے ہٹایا گیا تو ساتھ میں بورڈ میں کسی اور اہم عہدے سے نواز دیا گیا۔ سابق منیجر چیمہ کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا چیئرمین مقرر کردیا گیا تھا اور انہوں نے اپنی نئی ذمے داریوں کے سبب ٹیم منیجر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ۔