انتخابی کامیابی پر اردغان کو عالمی قائدین کی مبارکباد

انقرہ ۔ یکم ؍ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور پاکستانی وزیراعظم نواز شریف بھی ان عالمی قائدین میں شامل ہیں جنہوں نے ترکی کے وزیراعظم رجب طیب اردغان کی اے کے پارٹی کی مقامی انتخابات میں شاندار فتح پر مبارکباد دی ہے۔ پوٹن نے اردغان کو ٹیلیفون پر مبارکباد دی۔ بوسنیا کے باقر عزت بیگووچ نے بھی اردغان کے نام پیام مبارکباد روانہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’ہم ترکی کی فتح کو اپنی فتح تصور کرتے ہیں‘‘۔ آذربائیجان کے صدر الہام علیئیف اور شمالی خبرسی ترک جمہوریہ کے صدر درویش ایروگرو نے بھی اردغان کو ٹیلیفون پر مبارکباد دی اور ان کی پارٹی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ فلسطینی تنظیموں فتح اور حماس نے بھی اپنے سیاسی اختلافات سے قطع نظر ترک وزیراعظم کو ان کی پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دی۔ الفتح کے ترجمان اسامہ قواسمی نے کہا کہ ہم عوامی مرضی اور انتخابی نتائج کا احترام کرتے ہیں۔ حماس کے ترجمان سامی ابو ظہری نے رجب طیب اردغان کی پارٹی کی کامیابی اس اسلامی ملک اور بالخصوص فلسطینی کاز کی کامیابی ہے۔