انتخابی وعدے پورا نہ کرنے پر تنقید

بی جے پی عوام کو گمراہ کررہی ہے، مانک سرکار
بھوبنیشور۔7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترپورہ کے سابق چیف منسٹر ماک سرکار نے مرکز کی این ڈی اے حکومت کو اپنی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ اس کے تمام انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام ہوگئی ہے اور کئی ایشیوز جیسے جی ایس ٹی اور نوٹ بندی پر عوام کو گمراہ کررہی ہے۔ کل یہاں ایک لیکچر دیتے ہوئے سینئر سی پی آئی (ایم) قادء نے کہا کہ ’’چار سال قبل اقتدار پر آنے سے قبل بی جے پی نے وعدہ کیا تھا کہ ہر ایک کے بینک اکائونٹ میں 15 لاکھ روپئے جمع کئے جائیں گے… حکومت کالا دھن رکھنے والوں کی فہرست تک جاری کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔‘‘ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی پر نریندر مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مانک سرکار نے کہا کہ نوٹ بندی کا اقدام ایک کوتاہ بینی کا اقدام تھا جبکہ جی ایس ٹی کا نافذ چھوٹے بزنس کو درہم برہم کرکے رکھ دیا ہے۔ سال میں دو کروڑ افراد کو روزگار فراہم کرنے کے وعدے کو پورا کرنے میں ناکامی کا مرکزی حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے بائیں بازو کے سینئر قائد نے کہا کہ یہ دو لاکھ ملازمتیں بھی فراہم نہیں کر پائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ایک سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ جبکہ حکومت کسانوں کی خودکشی واقعات کو روکنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ جنہیں ان کی زرعی پیداوار کے لیے منفعت بخش قیمتیں حاصل نہیں ہورہی ہیں۔ مانک سرکار نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ ملک کے عوام کو مذہب، زبان اور ذاتوں کی بنیاد پر بھی تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جارہی ہے۔
راہول گاندھی پر یوگی ادتیہ ناتھ کی تنقید
بھالکی(کرناٹک)۔ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ کرناٹک میں بی جے پی کے اقتدار پر آنے پر عوام کی لوٹی گئی رقم کو برآمد کیا جائے گا اور اس کو عوام کی بہبود کے لئے استعمال کیاجائے گا۔ انہوں نے آج کرناٹک بی جے پی کی انتخابی مہم کے حصہ کے طورپر بھالکی میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جب کبھی ملک کسی قسم کے بحران کا شکار ہوتا ہے تو راہل اٹلی بھاگ جاتے ہیں۔