انتخابی وعدوں پر مودی حکومت کا ’یوٹرن‘

اسکامس پر خاموشی ، آل انڈیا مہیلا کانگریس کی دہلی میں جن آکروش ریالی
نئی دہلی ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز کے خلاف مختلف موضوعات پر احتجاج جاری رکھتے ہوئے کانگریس نے آج ایک ریالی منظم کی جس میں وزیراعظم نریندر مودی پر انتخابی وعدوں کو پورا کرنے میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ کانگریس پارٹی کی ویمنس ونگ نے ’’جن آکروش‘‘ ریالی ایک ایسے وقت منظم کی جبکہ پارلیمنٹ کا مانسون سیشن جاری تھا۔ آل انڈیا مہیلا کانگریس صدر شوبھا اوہیا نے مودی حکومت پر انتخابی وعدوں جیسے افراط زر کی شرح میں کمی، کرپشن کا مقابلہ، خواتین کے خلاف مظالم کے تعلق سے سخت موقف کے بارے میں ’’یوٹرن‘‘ کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک خواتین پر مظالم کا تعلق ہے روزانہ ان واقعات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ صرف دہلی میں جہاں وزیراعظم موجود ہیں، خواتین پر مظالم کے واقعات میں 20 فیصد اضافہ ہوا۔ افراط زر کا جہاں تک تعلق ہے کسی بھی دال کی قیمت 100 روپئے فی کیلو سے کم نہیں۔ وزیرامور خارجہ سشماسوراج کے علاوہ چیف منسٹر راجستھان وسندھرا راجے اور چیف منسٹر مدھیہ پردیش شیوراج سنگھ چوہان مختلف الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی جعلی ڈگری تنازعہ کا شکار ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا کے دو بی جے پی وزراء پر کرپشن کے الزامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویاپم اسکام، مہاراشٹرا میں چکی اسکام، چھتیس گڑھ میں 36 ہزار کروڑ کا پی ڈی ایس اسکام اور مودی گیٹ کے باوجود وزیراعظم نریندر مودی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اس ریالی میں کانگریس جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ، سابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ اجیت جوگی اور دیگر پارٹی قائدین بھی موجود تھے۔