جموں ، 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کہا ہے کہ اس نے بلدیاتی انتخابات میں وادی کشمیر میں محض 36 مہاجر کشمیری پنڈتوں کو میدان میں اتارا ہے ۔ پارٹی نے الزام لگایا کہ ریاست کی سب سے پرانی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس نے کشمیری پنڈتوں کو ہجرت پر مجبور کیا تھا۔ بی جے پی جموں وکشمیر یونٹ کے ترجمان بریگیڈیئر انیل گپتا نے بدھ کو یہاں ترکوٹہ نگر میں واقع پارٹی دفتر پر ایک پریس کانفرنس میں کہا ‘ہمیں بڑے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ نیشنل کانفرنس جو ریاست کی ایک پرانی جماعت ہے ، ان کی کشمیری پنڈت بھائیوں کے تئیں سوچ بالکل ویسی ہی ہے جیسے 25 یا 30 برس قبل تھی۔ نیشنل کانفرنس نے کشمیری پنڈتوں کو ہجرت پر مجبور کیا تھا۔ ان پر کشمیری مائیگرنٹ ہونے کا لیبل لگ گیا ہے ۔ آج جب وہ اپنا جمہوری اختیار استعمال کرکے بلدیاتی انتخابات کے اندر حصہ لے رہے ہیں تو نیشنل کانفرنس کہہ رہی ہے کہ بی جے پی ان کا استعمال کررہی ہے ، انہوں نے (بی جے پی نے ) کشمیری مائیگرنٹوں کو کشمیر لاکر انتخابات لڑایا ہے ، بعد میں وہ کیسے لوگوں کی خدمت اور کام کریں گے ‘۔ انہوں نے کہا ‘بی جے پی نے صرف کشمیری مائیگرنٹ امیدوار کھڑے کئے ہیں، یہ سراسر جھوٹ ہے ۔ ہم نے صرف 36 کشمیری مائیگرنٹ امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے ۔ ہمارے 400 سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں۔ ان میں بیشتر مقامی ہیں۔ لوگوں کو وہاں پر گمراہ کرنے کے لئے اور ان کو کشمیری پنڈتوں کے خلاف بھڑکانے کے لئے نیشنل کانفرنس ایسا ڈرامہ کررہی ہے ‘۔