انتخابی مہم کے دوران مدور میں کانگریس کارکن فوت

مدور۔/7نومبر،( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی جنگاؤں میں شامل مدور منڈل کے مواضعات ارچنتلہ،کملائے پلی میں آج حلقہ اسمبلی جنگاؤں کے کانگریس پارٹی امیدوار و سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے گھر گھر انتخابی مہم چلائی جہاں مقامی رائے دہندوں سے ملاقات کرتے ہوئے دوبارہ انہیں بھاری اکثریت سے منتخب کرنے کی اپیل کی۔ مہم کے دوران موضع کوٹی گل کے 40 سالہ داسارم رمیش نامی سرگرم کانگریس کارکن کے قلب پر ہوئے شدید حملے کے باعث وہ غش کھاکر گرگیا جس کو پارٹی قائدین و کارکنوں نے تشویشناک حالت میں سدی پیٹ دواخانہ کو روانہ کیا جہاں وہ کچھ دیر زیر علاج رہ کر فوت ہوگیا۔ جس کے باعث مسٹر پنالہ لکشمیا صدمہ سے دوچار ہوکرکانگریس پارٹی کا ناقابل تلافی نقصان قرار دے کر اس کے ورثاء کا ہر ممکنہ مالی تعاون کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سینئر پارٹی قائدین سید خواجہ امام الدین اقبال بیابانی، نرسیا پنتلو، کدوری، نرسنگ راؤ، بنڈی سرینواس ، گری کنڈل ریڈی و دیگر نے بھی انتخابی مہم چلا کر مسٹر پنالہ لکشمیا کے حق میں رائے عامہ کو ہموار کیا۔