انتخابی مہم کے دوران غیر قانونی طور پر 5لاکھ کی منتقلی

بیدر ۔/11اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتخابی مہم کے دوران غیر قانونی طور پر 5لاکھ روپئے رقم منتقل کررہے این سی پی لیڈر اور مہاراشٹرا کے سابق ڈپٹی چیف منسٹر اجیت پوار کی کارگو پولیس نے ضبط کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجیت پوار پربھنی حلقہ اسمبلی میں این سی پی امیدوار کی تائید میں انتخابی مہم میں حصہ لینے کیلئے جارہے تھے کہ اس وقت پولیس نے کار کا معائنہ کرکے 5لاکھ روپئے نقد، وزیٹنگ کارڈس، کپڑوں کے بشمول دوسری اشیاء کو ضبط کرلیا۔ اس تعلق سے این سی پی کے ذرائع نے کسی بھی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ پولیس وہیکل ڈرائیور کرشنا ہزارے کو گرفتار کرکے پوچھ تاچھ کررہی ہے۔ پربھنی ، لاتور اسمبلی حلقہ کے رائے دہندوں میں یہ رقم تقسیم کرنے کیلئے منتقل کی جارہی تھی۔ پولیس نے الیکشن کمیشن کو معلومات روانہ کی ہیں۔ مہاراشٹرا میں 15 اکٹوبر کو اسمبلی انتخابات منعقد ہوں گے۔ اب تک ریاست مہاراشٹرا میں 5کروڑ سے زائد رقم ضبط کرلی ہے۔