غازی آباد ۔ 2 ۔ اپریل (سیاست ڈاٹ کام) غازی آباد سے کانگریس کے امیدوار راج ببر نے اب بالی ووڈ کے ٹاپ اداکار اور اپنے دوست سلمان خان کو اپنی انتخابی مہم چلانے کیلئے مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ سلمان خان نوجوان ووٹرس میں بیحد مقبول ہیں جس سے راج ببر کی انتخابی مہم موثر ہوسکتی ہے اور ان کے جیتنے کے امکانات بھی روشن ہوسکتے ہیں۔ کانگریس کے ایک سینئر قائد کے مطابق راج ببر نے اس سلسلہ میں سلمان خان سے ملاقات کی ہے لیکن سلمان خان نے اب تک کوئی قطعی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ انہوں نے راج ببر سے انتظار کرنے کو کہا ہے ۔ مذکورہ کانگریس قائد راج ببر کی انتخابی مہم کے نگرانکار ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ صرف دو روز قبل راج ببر نے سلمان خان سے ملاقات کی تھی اور ان سے درخواست کی تھی کہ وہ ان سے (راج ببر) کیلئے کچھ وقت نکالیں جس کے بعد سلمان خان نے راج ببر سے کہا کہ وہ انہیں کسی قطعی فیصلہ لینے کیلئے دو یا تین دن کا وقت دیں۔
راج ببر نے اس سلسلہ میں سلمان خان کے والد سلیم خان سے بھی بات کی تھی لیکن سلیم خان نے راج ببر کو سلمان خان سے راست بات چیت کرنے کا مشورہ دیا ۔ کانگریس قائد کے مطابق راج ببر انپے روڈ شو کے لئے سلمان خان کو مدعو کرنا چاہتے ہیں جو نوجوان ووٹرس میں بیحد مقبول ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم بالی ووڈ کی دیگر شخصیتوں کو بھی مدعو کرنے کے بارے میں غور و خوض کر رہے ہیں ۔ انتخابی مہم کے دوران ہمیں عوام کی زبردست پذیرائی حاصل ہورہی ہے ۔ یاد رہے کہ غازی آباد سے بی جے پی کے ٹکٹ پر ہندوستانی افواج کے سابق سربراہ وی کے سنگھ اور عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ پر شا ذیہ علمی جبکہ سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر سودان راوت اور بی ایس پی کے ٹکٹ پر مکل اپادھیائے غازی آباد لوک سبھا حلقہ سے انتخابی میدان میں ہیں۔