انتخابی منشور پر عمل کرنے حکومت سے مطالبہ

کاغذ نگر میں جلسہ ، ریاستی کانگریس ترجمان سرینواس یادو کا خطاب
کاغذ نگر۔ 4 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے ترجمان مسٹر سرینواس یادو نے کاغذ نگر کا دورہ کیا۔ کاغذ نگر کے INTUC آفس میں جلسے سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برسراقتدار حکومت صرف اعلانات کے ذریعہ عوام کو خوش کررہی ہے۔ ان کا دل جیت لیناچاہتی ہے۔ صرف وعدے کئے جارہے ہیں، ان کو عملی جامہ نہیں پہنایا جارہا ہے۔ انتخابات سے قبل تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ذمہ داران نے عوام کو سبز باغ دکھاتے ہوئے جھوٹے وعدے کئے اور اقتدار حاصل کرلیا لیکن اب تک نہ تو کسانوں کے قرضہ جات کو معاف کروایا گیا نہ تو مسلمانوں کیلئے 12% تحفظات دیئے گئے اور نہ ہی ڈبل بیڈروم مکان غریب اور مستحق افراد کو دیئے گئے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ٹی آر ایس کے وعدے جھوٹے ہیں۔ وہ صرف عوام کو اپنی طرف راغب کرنے کیلئے نئی اسکیموں کا اعلان کرتی چلی جارہی ہے۔ مسٹر سرینواس یادو نے کہا کہ کانگریس حکومت نے غریبوں کو 35 لاکھ مکانات فراہم کرنے کا اعلان کرچکی تھی اور 20 لاکھ غریب افراد کو مکانات دے چکی ہے اور ماباقی مکانات کی تعمیر ہنوز باقی ہے لیکن اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی اگر اپنے رویے میں تبدیلی نہ لائے تو کانگریس پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔ ٹی آرایس پارٹی کے ذمہ داران نے انتخابات سے قبل جو وعدے کئے تھے، انہیں پورا کرلے، ورنہ آئندہ انتخابات میں عوام خود انہیں سبق سکھائیں گے اور ٹی آر ایس کے ذمہ داران کو اقتدار سے ہاتھ دھونا پڑے گا۔ اس موقع پر مسٹر سیڈم گنپتی سابق ضلع پریشد چیرمین، مسٹر گجی رامیا سابقہ مارکٹ کمیٹی چیرمین ،جناب شیخ دستگیر سابقہ صدرنشین بلدیہ اور جناب بشیر احمد (Shabbir) یوتھ کانگریس کے علاوہ کانگریس پارٹی کے دیگر قائدین موجود تھے۔