لکھنؤ۔ 28 جون (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کی سابق وزیر اعلی اور بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ سماجوادی پارٹی اور بھارتی جنتاپارٹی مل کر اسمبلی انتخابات سے پہلے ریاست میں فسادات کرانا چاہتی ہیں۔محترمہ مایاوتی نے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ دونوں پارٹیوں کی سرکاریں سبھی محاذوں پر ناکام ہیں اس لئے وہ یہاں انتخابات سے پہلے فسادات کرانا چاہتی ہیں مگر عوام سب کچھ سمجھتے ہیں اس لئے ان کی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا ہے کہ ایک نیوز چینل کے اسٹنگ آپریشن میں دونوں پارٹیوں کے ایک ایک رہنما کو اس طرح کی سازش کرتے سنا گیا ہے ۔ مختار انصاری کی پارٹی قومی یکتادل کے سماجوادی پارٹی میں انضمام کو خاندانی ڈرامہ بازی قرار دیتے ہوئے محترمہ مایاوتی نے کہا کہ یہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہے سوا چار سال میں کوئی کام نہیں ہوا اور اب ڈرامہ بازی ہورہی ہے ۔