پاناجی ۔27 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) الیکشن کمیشن کے مقامی دفتر نے چیف منسٹر گوا منوہر پاریکر کے خلاف اپوزیشن کانگریس کی داخل کردہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق شکایت خارج کردی ہے ۔ گوا پردیش کانگریس کمیٹی نے کمیشن سے پاریکر کے خلاف شکایت میں نشاندہی کی تھی کہ انھوں نے ٹوئٹر اور فیس بک پر اپنے بیان میں عوام کو مطلع کیا کہ سرمایہ کاری و صنعتی پالیسی کا اس ماہ کے اواخر اعلان کردیا جائیگا ۔ جی پی سی سی نے الزام عائد کیا تھا کہ یہ پیام انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے ۔ گوا چیف سکریٹری کے دفتر نے چیف منسٹر کی طرف سے کمیشن کو وضاحت میں بیان کیا کہ انوسمنٹ پالیسی سے متعلق اعلان ریاستی بجٹ میں موجود ہے جو 5 مارچ کو پیش کردیا گیا تھا ۔ ای سی گوا کے حکام نے بتایا کہ چونکہ ضابطہ اخلاق کی مدت کے دوران بجٹ کی پیشکشی پر کوئی تحدید عائد نہیں اس لئے اس اعلان کو خلاف ورزی تصور نہیں کیا جاسکتا ۔