میدک۔/13 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) انتخابات سے متعلق امیدواروں کی جانب سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ بلا اجازت تشہیر پر پابندی رہے گی۔ اس طرح بغیر کسی رسید کے 10روپئے صرف کرنا بھی غلط ہوگا۔ کسی بھی سیاسی جماعت کی جانب سے ضابطہ اخلاق کے قواعد و ضوابط کی پابندی نہ کرنے پر صلع الیکٹورل آفیسر کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔ اس طرح میڈیا الیکٹرانک و پرنٹ یا سوشیل میڈیا کے ذریعہ کرنا ہو تو سیاسی جماعتوں یا امیدوار کی جانب سے ذمہ دار عہدیدار سے سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ ضلع کلکٹر میدک مسٹر کے دھرما ریڈی نے اپنے ایک بیان میں یہ بات بتائی۔ الیکشن کوڈ پر سختی سے نفاذ کیلئے فلائینگ اسکواڈ ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے اس ٹیم کے عہدیدار کڑی نظر رکھیں گے۔ قبل ازیں ضلع کلکٹر کے ہاتھوں میڈیا کی سہولت کیلئے احاطہ کلکٹریٹ میں میڈیا سنٹر کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کو شفافیت کے ساتھ پرامن انعقاد کیلئے میڈیا کے نمائندوں کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔ اس میڈیا سنٹر سے سبھی صحافیوں کو یہاں سے خبریں پہنچائی جائیں گی۔ اس موقع پر جوائنٹ کلکٹر میدک جی ناگیش ، ڈی آر او مسٹر راملو، میدک ڈی پی آر او مسٹر شیشلور ریڈی، اے ڈی مائننگ مسٹر جئے راج کے علاوہ محکمہ مال کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔