حیدرآباد۔/24 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد شہر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جارہی ہے اور جگہ جگہ پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ گاڑیوں کی تلاشی کے دوران غیر قانونی طور پر منتقل کئے جانے والے 5,79,06,360 روپئے ضبط کئے گئے۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر حیدرآباد و کشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مسٹر دانا کشور نے کہا کہ غیر سماجی و شرپسند عناصر کی سرگرمیوں کا انسداد کرنے کیلئے جملہ 775 افراد کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کئے گئے۔ علاوہ ازیں انتخابات کے پیش نظر تمام لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والے افراد کو اپنے اسلحہ جمع کردینے کی ہدایت دی گئی تھی جس کے پیش نظر اب تک حیدرآباد شہر میں 3375 لائسنس یافتہ اسلحہ جمع کروادئے گئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انتخابات کے پیش نظر کہیں بھی کوئی معمولی نوعیت کے ناخوشگوار واقعات پیش نہ آنے کیلئے اب تک 462 افراد کو پولیس اسٹیشن کو طلب کرکے انہیں پابند کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر حیدرآباد نے مزید بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ رہنے کے باوجود سرکاری و خانگی املاک پر غیر قانونی طور پر پوسٹرس پائے جانے کے پیش نظر فوری طور پر زائد از 42,552 غیر قانونی پوسٹرس وغیرہ نکلوادیئے گئے۔ مختلف مقامات پر بیانرس اور پوسٹرس کو نکالنے اور دیواروں پر پائی جانے والی تحریروں کو مٹانے کے اقدامات کئے گئے۔