نئی دہلی۔31اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) چار ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کو مہاراشٹرا اور ہریانہ سے غیرمربوط کیا جارہا ہے اور امکان ہے کہ اکٹوبر کے تیسرے ہفتہ میں رائے دہی ہوگی۔ دیگر دو ریاستوں جموں وکشمیراور جھارکھنڈ میں ڈسمبر یا جنوری کے اوائل میںرائے دہی کا امکان ہے ۔ الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول کی تیاری میں مصروف ہیں اور مہاراشٹرا و ہریانہ کے اسمبلی انتخابی پروگرام کا ستمبر کے وسط میں اعلان کیا جائے گا ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن اور مرکزی وزارت داخلہ اس سلسلہ میں سرگرم مشاورت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ حساس اور انتہائی حساس حلقوں کی نشاندہی کی جارہی ہے جہاں خاطرخواہ سیکیورٹی فورسیس تعینات کی جائے گی تاکہ تشدد کے بغیر آزادانہ و غیرجانبدارانہ انتخابات کا انعقاد یقینی ہوسکے ۔ مہاراشٹرا اسمبلی میعاد 8نومبر اور ہریانہ اسمبلی کی میعاد 27اکٹوبر کو ختم ہورہی ہے ۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے بعد ہی ضابطہ اخلاق کا نفاذ عمل میں لایا جاتا ہے ۔