انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کیلئے عدالتی کمیشن قائم کرنے نواز شریف کا مطالبہ

لاہور۔30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت آڈیالاجیل میں ہیں، نے ملک میں حالیہ منعقدشدنی عام انتخابات میں دھاندلیوں کی تحقیقات کے لیے ایک عدالتی کمیشن قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ نواز شریف کے علاوہ پی ایم ایل (این) کے دیگر قائدین نے بھی کہا ہے کہ وہ رائے دہی کے روز ہوئی دھاندلیوں پر ایک قرطاس ابیض جاری کریں گے جس میں اس بات کا ثبوت ہوگا کہ رائے دہی کے دوران دھاندلیاں کی گئیں۔ قرطاس ابیض کو مجوزہ عدالتی کمیشن کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو 116 نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل ہوئی ہے تاہم اس کے باوجود حکومت تشکیل دینے کے لیے پارٹی کے پاس درکار نشستیں نہیں ہیں جس کے لیے اسے دیگر پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کرتے ہوئے مخلوط حکومت تشکیل دینا پڑے گا۔ پی ایم ایل (این) 64 نشستوں اور پی پی پی 43 نشستوں کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔