کولکتہ 7 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ترنمول کانگریس نے آج الیکشن کمیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ ٹی وی چیانلس کو ریاستوں میں جہاں رائے دہی آج جاری ہے، انتخابی تقاریر کے راست نشریہ کی اجازت نہ دے۔ بی جے پی کے وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی آج کرشناگر اور باراسال (مغربی بنگال) میں رائے دہی کے اوقات کے دوران ریاست میں لوک سبھا انتخابات کے چوتھے مرحلہ میں دو عام جلسوں سے خطاب کرنے والے تھے۔ دو نشستوں کے لئے رائے دہی 12 مئی کو مقرر ہے۔ اِسی طرح ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی بھی ممخانہ اور موتیا برج میں دو عام جلسوں سے رائے دہی کے اوقات میں ہی خطاب کرنے والی تھیں۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان ڈیرک اوبرائن نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے مکتوب وصول ہونے کی توثیق کردی ہے۔