انتخابی اتحاد ہماری ترجیحات میں شامل نہیں : مرانڈی

جمشید پور ۔ 29 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : جھارکھنڈ وکاس مورچہ ( جے وی ایم ) ( پرجاتانترک ) صدر بابو لال مرانڈی نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ انتخابی اتحاد ان کی پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل نہیں ہے کیوں کہ یہ ایسے لیڈروں اور پارٹیوں کی سیاسی مجبوری ہے جو اقتدار میں اپنی میعاد کے دوران اطمینان بخش کارکردگی انجام دینے کے موقف میں نہیں ہوتے ۔ سابق وزیر اعلیٰ نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی اتحاد چاہے وہ ماقبل انتخابات ہو یا مابعد انتخابات ، ہماری ترجیحات میں شامل نہیں ہے کیوں کہ ہمیں اپنی کارکردگیوں پر پورا طمینان ہے ۔ دوسری طرف انہوں نے کہا کہ ہمارا چونکہ جمہوری طرز حکومت پر ایقان ہے لہدا ہم سیاسی اتحاد کو یکسر مسترد بھی نہیں کرسکتے کیوں کہ کبھی کبھی یہ ایک بہترین متبادل ثابت ہوتا ہے ۔ اگر کبھی ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا تو پارٹی اتحاد کی پیشکش پر ضرور غور و خوص کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں مجرمانہ اور انتہا پسند سرگرمیوں میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ حکومت نے ترقیاتی کاموں کی جانب بھی کوئی توجہ نہیں دی ہے ۔ اپنی بات کو ثابت کرنے کے لیے انہوں نے ایک مثال دی کہ انہوں نے 2000 ء میں اپنی وزارت اعلیٰ کے دور میں ریاستی اسمبلی کی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تھا لیکن ان کے عہدہ سے دستبردار ہونے کے بعد سے اب تک مجوزہ پراجکٹ ایک انچ بھی آگے نہیں بڑھا ہے ۔۔