انتخابات کے دوران امن وامان قائم رکھنے کی اپیل

کرناٹک میں تمام سیاسی جماعتوں کو صبر و تحمل کے مظاہرہ کی تلقین، مولانا عبدالحکیم وقار اشرفی کا بیان

گلبرگہ۔ یکم مئی : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)خطیب دکن حضرت العلامہ مولانا عبدالحکیم وقار اشرفی نے آج ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے شہریان گلبرگہ سے اپیل کی ہے کہ شہر کو امن کا گہوارہ بنے رہنے دیں ، امن کو مکدر کرنے سے ہمارا ہی نقصان ہے ۔ ہمیں چاہئے کہ پورے سوچ سمجھ کے ساتھ کوئی اقدام کو اُٹھائیں ۔ جذباتیت سے کہیں آپ ہی کا نقصان نہ ہو جائے ، جمہوریت میں تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے اور انتخابی تشہیر کرنے کی پوری پوری اجازت ہے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہئے کہ وہ بھی اپنے اپنے کارکنان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کریں ۔ شہریان گلبرگہ ہر دور میں امن و امان کی فضاء کو بنائے رکھیں ہیں ، اور آئندہ مستقبل میں بھی امن و امان و قومی یکجہتی کو بنائے رکھنے کی شدید ضرورت ہے ۔ مولانا وقار اشرفی نے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان سے کہا ہے کہ آپ حضرات کسی بھی مسئلہ کو ذات کا مسئلہ نہ بنائیں ، کیونکہ جمہوری ملک میں ذاتیت اور شخصیت پر سیاست نہیں ہوتی، سیاست نظریات کی بنیاد پر ہوتی ہے اور نظریاتی اختلافات پارٹی سطح پر ہی ہوتے ہیں اور اس کو پارٹی کی حد تک ہی محدود رکھیں تو ٹھیک بھی ہوگا،ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ذاتیت کی بناء پر منقسم نہیں ہونا ہے، انتخابات یوں ہی آتے رہیں گے ، 15مئی کے بعد سب کچھ ختم بھی ہوجائیگا،اُس وقت ہم آج جن لیڈران کیلئے ذاتیت کا مسئلہ بنائے ہیں یہی لوگ بعد میں آپ کے پیچھے نہیں ہوں گے ، آخر میں شہر کے امن و امان کو مستحکم بنانے کے لئے سبھی جماعتوں کے ذمہ داران کو مل کر بھر پور جدوجہد کرنی چاہئیے۔ تشہیر کے دوران افواہوں پر دھیان نہ دیں اور پوری مضبوطی کے ساتھ اپنی پارٹی کی انتخابی تشہیر کرتے رہیں ، اور مسلمانان گلبرگہ 12؍مئی کو آپ تمام اُمیدواروں میں سے کسی ایک کو متحد ہوکر کامیاب کروائیں گے ۔ تمام سیاسی جماعتوں کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ شہر کے امن و امان کوبحال رکھیں اور اللہ کی ذات پر بھروسہ کرتے ہوئے دن و رات محنت کریں اور یقینا اللہ تعالیٰ آپ کے حق میں بہتر فیصلہ ہی کریگا۔شہر کے رائے دہندگان سے مولانا نے گذارش کی ہے کہ وہ12؍مئی کو اپنے حق رائے دہی کا ضرور استعمال کریں ، جمہوریت میں یہ موقع ہر پانچ سال میں ایک مرتبہ آتاہے ، اس وقت آپ بادشاہ گر کا موقف رکھتے ہیں اور بادشاہ اپنا فیصلہ ہر وقت دے کر ہی رہتا ہے اسی لئے آپ بھی اپنے حق رائے دہی کے ذریعہ اپنی بادشاہت کا اعلان کریں ۔