انتخابات کے بعد امن مذاکرات کے احیاء کی میر واعظ کو اُمید

سری نگر۔ 23؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ اعتدال پسند حریت کانفرنس کے صدرنشین میر واعظ عمر فاروق نے اُمید ظاہر کی کہ عام انتخابات کے بعد امن مذاکرات کا احیاء ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ حریت کانفرنس مسئلہ کشمیر کی یکسوئی کی ہر کوشش کی تائید کرے گا، بشرطیکہ مرکزی حکومت خلوص کا مظاہرہ کرے۔ وہ ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں اُمید ہے کہ انتخابات کے بعد نئی حکومت تشکیل پائے گی اور امن کارروائی پیشرفت کرے گی، مذاکرات منعقد کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی قیادت امن مذاکرات میں شرکت کرتی ہے تو عوام کو یقین ہوتا ہے کہ ان کی خواہشات اور اُمنگوں کی نمائندگی کی جائے گی۔ اب تک دونوں فریقین میں خلوص اور سنجیدگی کا فقدان ہے، تاہم انھوں نے کہا کہ امن مذاکرات کی پیشرفت کے لئے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔ مرکزی حکومت سیاسی سطح پر تمام مسائل کی یکسوئی کرنے کا سیاسی عزم رکھتی ہو اور تمام قوانین جیسے مسلح افواج خصوصی اختیارات قانون منسوخ کردیا جائے۔