ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار یقینی، میدک میں اجلاس، ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی کا خطاب
میدک۔/29اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سارے ملک کی ریاستیں تلنگانہ ریاست میں چلائی جارہی مختلف اختراعی پالیسیوں و پروگراموں کی تقلید کرنے پر اپنی نظریں بچھائے ہوئے ہیں۔2019 کے عام انتخابات میں ٹی آر ایس حکومت کا دوبارہ اقتدار پر آنا طئے ہے۔ تلگودیشم ہو کہ کانگریس اب یہاں اپنے قدم نہیں جماسکتیں۔ ڈپٹی اسپیکر ریاستی قانون ساز اسمبلی محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے میدک کے وینکٹیشورا گارڈنس پر حلقہ اسمبلی میدک کے ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس میں مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ ترقی کی طرف گامزن ہے اور یہاں بسنے والا ہر وہ طبقہ ٹی آر ایس حکومت کی کامیاب پالیسیوں پر خوش ہے۔ 2014 کے عام انتخابات سے لیکر اب تک ٹی آر ایس پارٹی کی طاقت میں مزید اضافہ ہوچکا ہے۔ پارٹی کو اس مرتبہ 100 نشستیں بہ آسانی حاصل ہوجائیں گی۔ تاہم کارکنوں میں اتحاد بھی ضروری ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ 2 ستمبر کو ضلع رنگاریڈی کے کونگران کلاں میں منعقد شدنی جلسہ عام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے پر زور دیا۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلیٰ کی جانب سے ریاست میں قبل از وقت انتخابات سے متعلق اشارے پر اپوزیشن کانگریس کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ پدما دیویندر ریڈی نے کہا کہ سارے میدک اسمبلی حلقہ میں اب تک 1800 کروڑ کے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ قبل ازیں اجلاس پدما دیویندر ریڈی نے میدک ٹاون کے بڑا بازار کی سڑک کی کشادگی کے کاموں کا معائنہ کیا اور فتح نگر میں منور کاپو طبقہ کیلئے 5 لاکھ کی لاگت سے تعمیر شدنی کمیونٹی ہال کے کاموں کیلئے بھومی پوجا کی۔ اس موقع پر ریاستی قائد ٹی آر ایس ایم دیویندر ریڈی، صدر نشین بلدیہ ملکارجن گور، وائس چیرمین بلدیہ مسٹر اشوک، صدر ٹاؤن ٹی آر ایس ایم گنگادھر، کونسلرس چندرا کلا، ایم لکشمی، جلہ گائتری، آر کے سرینواس، سید صادق، ایم اے سلام، قائدین ٹی آر ایس سید عمر محی الدین، میر اصغر علی، غوث قریشی اور دیگر شریک تھے۔