چینائی۔ 26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) انا ڈی ایم کے کی جنرل سیکریٹری کی تصاویر والے بیانرس کو پارٹی کے ہیڈکوارٹرس سے ہٹا دیا گیا۔ اس اقدام کا حریف پنیراسیلوم گروپ نے خیرمقدم کیا ہے۔ انا ڈی ایم کے (اماں) گروپ نے تاہم کہا کہ یہ بیانرس ہٹانے کا عمل ان کے حریفوں کے مطالبہ کی وجہ سے نہیں کیا گیا بلکہ اس تعلق سے پہلے ہی پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا۔ وزیر قانون سی وی شانمکم نے کہا کہ ششی کلا کے بیانر ہٹا دیئے گئے ہیں۔ پنیرا سیلوم کیمپ کے صدر چیرمین ای مدھو سدن نے کل مطالبہ کیا تھا کہ پارٹی آفس کے تقدس کو برقرار رکھنے کے لئے یہ بیانرس نکالنا ضروری ہے۔ اس دوران سابق وزیراعلیٰ اور پنیرسیلوم کے قریبی مددگار کے پی منو سوامی نے کہا کہ بھائیوں کے درمیان یہ اختلافات بہت جلد ختم ہوں گے۔ دونوں جانب بات چیت خوشگوار ماحول میں ہورہی ہے۔ پارٹی ہیڈکوارٹر کو اب ’’تھلامی نیلائم‘‘ کہا جارہا ہے جہاں اب صرف سابق چیف منسٹر جیہ للیتا کے بیانرس لگائے جائیں گے۔