نئی دہلی۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ آل انڈیا انا ڈی ایم نے آج الیکشن کمیشن کے پاس تازہ حلف نامہ داخل کرتے ہوئے دعوی کیا کہ اسے پارٹی کے قانون سازوں کے ساتھ ساتھ عہدیداروں کی اکثریت کی تائید حاصل ہے اور ’دو پتے‘ کا انتخابی نشان اسے ہی دیا جانا چاہئے۔ رکن اسمبلی سی وی شانموگم جو کمیشن میں حلف نامہ داخل کرنے والے وفد کا حصہ رہے، انہوں نے کہا کہ انضمام کے بعد اس کے تائیدی 95 فیصد پارٹی کیڈر کی طرف سے حلف نامے داخل کیے جاچکے ہیں۔ پارٹی کے ایک ذریعہ نے بتایا کہ 115 ایم ایل ایز، 44 ایم پیز، 52 ڈسٹرکٹ سکریٹریز، 126 ٹائون سکریٹریز اور 1200 سے زیادہ ولیج سکریٹریز جن کا تعلق ٹاملناڈو، کیرالا، کرناٹک، آندھراپردیش، دہلی، انڈمان و نکوبار جزائر، مہاراشٹرا اور پوڈوچیری سے ہے، ان کی طرف سے حلف نامے داخل کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لیے نشان حاصل کرنے کے لیے درکار اعداد کی ان حلف ناموں کی تعداد سے عکاسی ہوتی ہے۔ ہمیں اعتماد ہے کہ یہ نشان حاصل ہوجائے گا۔
جوڑے کا قتل ، لاشو ں کو جلادیاگیا
الور۔ 29ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے الور ضلع کے رام گڑھ تھانہ علاقہ میں چنڈیگڑھ اہیر گاوں میں عاشق جوڑے (عمریں تیس تا پینتیس سال) کا قتل کرکے کستوربا اسکول کے پاس گوبر کے ڈھیر والے ایک گڈھے میں پٹرول ڈال کر لاشوں کو جلادینے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ معاملہ ’’عزت نفس کیلئے قتل‘‘کا بھی ہوسکتا ہے ۔ قتل کہیں اور کیا گیا اور شناخت چھپانے کے لئے یہاں لاکر جلا یا گیا ہو۔ پولیس افسران ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ وہاں پہنچ گئے ہیں۔