انا ڈی ایم کے لیڈر پنیر سیلوم ٹاملناڈو کے نئے چیف منسٹر

بنگلور ؍ چینائی۔ 28 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)انا ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتا کو غیرمحسوب اثاثہ جات مقدمہ میں سزا سنائے جانے کے دوسرے دن پارٹی کا آج ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں او پنیر سیلوم کو نیا چیف منسٹر منتخب کیا گیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ کابینی وزیر او پنیر سیلوم کے نام کو اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔ اجلاس میں تمام ریاستی وزراء کے علاوہ ارکان اسمبلی شریک تھے۔ انا ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتا کے وکلاء کل ضمانت کیلئے کرناٹک ہائیکورٹ سے رجوع ہوں گے اور انہیں مجرم قرار دیئے جانے کے علاوہ سزا پر حکم التواء کے لئے بھی وہ لائحہ عمل کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں۔ 66 سالہ انا ڈی ایم کے لیڈر جیہ للیتا کے سینئر وکیل بی کمار نے کہا کہ ہم کل ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت داخل کریں گے۔

خصوصی عدالت نے کل غیرمحسوب اثاثہ جات مقدمہ میں جیہ للیتا اور تین دیگر کو سزا سنائی تھی۔ اس سزا کے ساتھ ہی وہ فوری طور پر بحیثیت رکن اسمبلی نااہل ہوگئی ہیں۔ جیہ للیتا کی درخواست ضمانت پر منگل کو ہی سماعت ہوسکے گی کیونکہ تعطیلاتی بینچ کی اس دن سماعت مقرر ہے۔ کرناٹک ہائیکورٹ کو 29 ستمبر سے 6 اکتوبر تک دسہرہ کی تعطیلات ہیں۔ وکلاء کی ایک ٹیم جیہ للیتا کو فوری راحت پہنچانے کے لئے قانونی لائحہ عمل تیار کرنے میں مصروف ہے۔ 66.65 کروڑ روپئے کے اس غیرمحسوب اثاثہ جات مقدمہ میں جیہ للیتا کو چار سال قید اور 100 کروڑ روپئے جرمانہ کی سزا سنائی گئی ہے چونکہ سزا کی مدت تین سال سے زیادہ ہے، اس لئے صرف ہائیکورٹ ہی ان کی ضمانت منظور کرسکتی ہے۔ بی کمار نے بتایا کہ وکلاء کی ٹیم قانونی لائحہ عمل کے سلسلے میں سرگرم مشاورت جاری رکھے ہوئے ہے۔

وکلاء کے پاس فوجداری نظرثانی درخواست کا بھی ایک راستہ ہے۔ جب تک بالائی عدالت اس فیصلے کو تبدیل نہیں کرتی، جیہ للیتا 10 سال تک انتخابی مقابلہ نہیں کرپائیں گے۔ اس دوران ٹاملناڈو میں آج حالات بحال ہوگئے۔ کل جیہ للیتا کو سزا سنائے جانے کے بعد یہاں تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ ریاست کے کئی مقامات پر بس سرویس روک دی گئی تھی، لیکن آج انہیں بحال کردیا گیا۔ تجارتی ادارے بھی چینائی اور دیگر شہروں میں کُھل گئے۔ پولیس نے بتایا کہ ریاست میں آج کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم بنگلور کے لئے بین ریاستی بس خدمات معطل رکھی گئی ہیں۔ حساس علاقوں میں پولیس گشت بڑھا دی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ صورتِ حال قابو میں لیکن کشیدہ ہے۔ جیہ للیتا کے اسمبلی حلقہ سری رنگم میں آج صبح دکانات کھل گئے لیکن خانگی بس آپریٹرس نے گاڑیاں چلانے میں پس و پیش کیا۔ اس کے علاوہ آٹو رکشا بھی سڑکوں پر دکھائی نہیں دیئے۔پڑوسی مرکزی زیرانتظام علاقہ پڈوچیری میں بھی عام حالات بتدریج بحال ہورہے ہیں۔