چینائی ۔ 29 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) انا ڈی ایم کے سربراہ جیہ للیتا کو سزا کے خلاف تیسرے دن بھی احتجاج جاری رکھتے ہوئے پارٹی کارکنوں اور بہی خواہوں نے آج بھوک ہڑتال کی اور ریاست بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے ۔ پولیس نے بتایا کہ کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ جیہ للیتا کو غیر محسوب اثاثہ جات مقدمہ میں 27 ستمبر کو 4 سال جیل اور ایک سو کروڑ روپئے جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی۔ اس فیصلہ کے ساتھ ہی ٹاملناڈو میں تشدد بھڑک اٹھا تھا اور انا ڈی ایم کے کارکنوں نے کئی گاڑیوں کو نذر آتش کردیا تھا۔ انا ڈی ایم کے حامیوں کا یہ احساس ہے کہ جیہ للیتا بہت جلد جیل سے باہر نکل آئیں گی اور جاریہ بحران جلد از جلد حل کرلیا جائے گا۔ آج چینائی میں معمول کی زندگی بحال رہی اور ٹریفک آمد و رفت پر بھی کوئی اثر نہیں پڑا۔ شہر میں سرکاری محکمہ جات کے ملازمین نے خاموش احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ماہی گیروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی احتجاج کرتے ہوئے آج ساحلی علاقوں میں سمندر جاکر مچھلی پکڑنے سے گریز کیا۔ بعض سرکاری کالجس کے طلباء نے بھی مظاہرے کئے۔ کسانوں نے بھی علحدہ احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ریاست کے مختلف اضلاع میں جیہ للیتا کے حامیوں نے پرامن مظاہرے کئے اور ان کی تائید میں نعرے لگائے۔